وزیرِ مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آنکھ کے انفیکشن کے معائنے کے لیے اسلام آباد انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) لائے جانے سے متعلق خبر کا ابھی انتظار کیا جائے، اگر یہ خبر درست ہے تو اس کا مطلب ہے کہ حکومت اپنی ذمہ داری پوری کررہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آنکھ کا مسئلہ یا کچھ اور؟ عمران خان کو پمز اسپتال لانے کے بعد کیا کچھ ہوتا رہا؟
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس انقلاب کے بجائے اب صرف ہمدردی کارڈ رہ گیا ہے، میں ابھی اس خبر کی تصدیق یا تردید کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں کہ عمران خان کو آنکھ کے آپریشن کے لیے پمز لایا گیا، اس حوالے سے جو بھی حقیقت ہوگی، پوری کی پوری بیان کر دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے سنسنی پھیلانے کے بجائے انتظار کیا جائے، حکومت خبر کی تصدیق یا تردید کرے گی، عمران خان کی صحت اور زندگی کے حوالے سے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، ان کے بچوں سے بات نہیں کروائی جاتی، یہ پورا ایک بیانیہ بنایا جاتا ہے، پی ٹی آئی کے باقی سارے بیانیے ناکام ہوچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کو اسپتال لایا گیا مگر صحت سے متعلق کچھ بتایا نہیں جا رہا، اپوزیشن اتحاد کا اظہار تشویش
ان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان کو اسپتال لائے جانے سے متعلق خبر درست ہے تو اس کا مطلب ہے کہ حکومت اپنی ذمہ داری پوری کر رہی ہے اور عمران خان کی صحت کا خیال رکھا جا رہا ہے۔














