بلوچستان عوامی پارٹی ختم نہیں ہو گی، الیکشن میں سیاسی اتحاد ضرور بنائیں گے: عبدالقدوس بزنجو

اتوار 28 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعلیٰ بلوچستان و صدر بلوچستان عوامی پارٹی عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ کسی کی خواہش پر بلوچستان عوامی پارٹی کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔ ہماری پارٹی پہلے دن کی طرح مضبوط اور مستحکم ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کچھ حلقوں کی جانب سے یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی ختم ہوکر ملک کی کسی بڑی سیاسی جماعت میں ضم ہوجائے گی تو میں اس کی سختی سے تردید کرتا ہوں مگر الیکشن میں سیاسی اتحاد ضرور بنائیں گے۔

عبدالقدس بزنجو نے کہا کہ کسی کے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا جو لوگ آنا چاہتے ہیں انھیں ویلکم کہیں گے۔ ہمارے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری سمیت تمام سیاسی جماعتوں اور ان کی قیادت سے عزت اور احترام کا رشتہ ہے ۔ بلوچستان عوامی پارٹی جن مقاصد کے لیے بنائی گئی تھی اس میں ہمیں کافی حد تک کامیابیاں ملی ہیں۔

ہماری حکومت نے قلیل مدت میں تاریخی اقدامات کیے

عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ہماری حکومت نے صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے قلیل مدت میں ایسے جرات مندانہ تاریخی فیصلے کیے جن کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی۔ ہم نے ریکوڈک معاہدہ، بارڈر پر مارکیٹوں کا قیام اور لوگوں کے روزگار سمیت ان کی عزت نفس کا تحفظ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے غیر ضروری چیک پوسٹوں کا خاتمہ کیا۔ گوادر کی بجلی اور پانی کے دیرینہ مسائل کو حل کیا گیا۔ ہم نے ماہی گیروں کے حقوق کا تحفظ اور انھیں لیبر کا درجہ دینے کے ساتھ کنٹریکٹ اساتذہ اور دیگر محکموں کے ملازمین کو مستقل کیا۔

عبدالقدس بزنجو نے کہا کہ پرامن ماحول میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد، مردم شماری، پی ایس ایل کے نمائشی میچ اور 19 سال بعد قومی کھیلوں کا انعقاد کیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ طویل عرصہ بعد گندم کی بروقت اور ہدف کے مطابق خریداری، سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی، رمضان المبارک میں ایک لاکھ مستحق خاندانوں کو ایک ماہ کے راشن کی فراہمی سمیت  23-2022 کا متوازن بجٹ پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دھرنوں اور احتجاج کا افہام و تفہیم سے خاتمہ کیا۔ ای خدمت مرکز کا قیام اور ترقیاتی عمل میں شفافیت کے لیے بلوچستان پہلا صوبہ ہے جہاں ای ٹینڈرنگ کا آغاز کیا گیا۔ اس کے علاوہ بہت سی دیگر کامیابیاں ہمارے کریڈٹ میں شامل ہیں۔

ہماری جماعت نے ملکی سیاست میں کلیدی کردار ادا کیا

عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ صوبے کے مسائل کے حل لیے بننے والی ہماری جماعت نے صوبے اور ملکی سیاست میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ہماری جماعت کا ہر ممبر صدر ہے۔ سب کی رائے کا احترام کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے کی بہتری کے لیے جو بھی تجاویز ملتی ہیں کوشش کرتا ہوں کہ ان پر عملدرآمد کروں۔ اپنی جماعت کی مضبوطی کے لیے مزید کام کریں گے۔

عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ صوبے کے مسائل کے حل اور اپنے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ثابت قدمی سے کھڑے ہیں ۔ وفاقی حکومت کے سامنے ہماری پارٹی نے جس طرح دوٹوک انداز میں اپنا موقف اپنائے رکھا اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ ’بی اے پی‘ کے قیام کا مقصد بھی یہی تھا کہ برابری کی بنیاد پر اپنے صوبے کے مسائل کے حل کو یقینی بنائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں ملک کے موجودہ معاشی و سیاسی حالات پر تشویش ہے۔ جمہوری سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر مسائل کاحل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ اداروں کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔ ملک افراتفری اور مزید بحرانوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے عوام کے حالات کو بدلنے کی ضرورت ہے جو اس وقت بدترین مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے پارٹی امور کے حوالے سے طویل ملاقات ہوئی ہے۔ اگر ان کی کسی بات سے کسی کو تکلیف پہنچی ہو یا دل آزاری ہوئی ہو تو دل سے معذرت خواہ ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp