گوگل نے کروم براؤزر میں جیمِنائی کی بڑی اپ ڈیٹ متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت 3 نئے فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔ ان فیچرز کا مقصد ویب براؤزنگ کو مزید ذہین، تیز اور مؤثر بنانا ہے۔ نئی اپ ڈیٹ میں اے آئی سائیڈ پینل، ایجنٹک اے آئی آٹو براؤز اور نینو بنانا امیج ایڈیٹنگ شامل ہیں، جو جیمِنائی اے آئی سے تقویت یافتہ ہیں۔
اے آئی سائیڈ پینل سے ملٹی ٹاسکنگ میں آسانی
گوگل کروم پروڈکٹ ٹیم کے مطابق نیا اے آئی سائیڈ پینل صارفین کو براؤزر کے ایک جانب فکسڈ پینل میں جیمِنائی کھولنے کی سہولت دیتا ہے، جس سے بار بار ٹیبز تبدیل کرنے کی ضرورت ختم ہو جاتی ہے، صارفین نے اس فیچر کو مختلف ویب سائٹس پر مصنوعات کا موازنہ کرنے، ریویوز پڑھنے اور مصروف شیڈول منظم کرنے کے لیے استعمال کیا۔
یہ بھی پڑھیں:اوپن اے آئی نے ویب براؤزر متعارف کرادیا، گوگل کروم کے لیے خطرے کی گھنٹی؟
اس فیچر کے استعمال سے قبل صارفین کو یو آر ایل اور براؤزر ڈیٹا گوگل کے ساتھ شیئر کرنے کی اجازت دینا ہوگی تاکہ جیمِنائی براؤزنگ کے سیاق و سباق کو بہتر طور پر سمجھ سکے۔
آٹو براؤز اور ایجنٹک اے آئی
کروم آٹو براؤز فیچر گوگل اے آئی پرو اور الٹرا سبسکرائبرز کے لیے دستیاب ہے۔ یہ ٹول جیمِنائی کو صارف کی جانب سے متعدد مراحل پر مشتمل کام سرانجام دینے کی اجازت دیتا ہے، جن میں ہوٹل اور فلائٹ کی قیمتوں کی تلاش، غیر ادا شدہ بلز اور سروس کوٹس شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نومولود اے آئی پرپلیکسٹی کی 3 ارب صارفین رکھنے والا گوگل کروم خریدنے کی حیران کن پیشکش
یہ ایک ملٹی موڈل ٹول ہے جو براؤزر میں موجود تصاویر کا تجزیہ بھی کر سکتا ہے۔ جیمِنائی تصاویر میں موجود اشیاء کو شناخت کر کے انہیں آن لائن تلاش کر سکتا ہے اور اجازت کی صورت میں کارٹ میں بھی شامل کر دیتا ہے۔ مزید یہ کہ محفوظ شدہ پاس ورڈز کے ذریعے ویب سائٹس میں لاگ ان ہونے کی صلاحیت بھی دی گئی ہے۔
نینو بنانا
گوگل کا اے آئی امیج ایڈیٹنگ ٹول نینو بنانا اب جیمِنائی سائیڈ پینل میں شامل کر دیا گیا ہے۔ صارفین ٹیکسٹ پرامپٹس کے ذریعے براہِ راست براؤزر ونڈو میں تصاویر ایڈٹ کر سکیں گے۔
یہ اپ گریڈ گوگل کے جنوری 2026 کے اعلان کا تسلسل ہے، جس میں جیمِنائی کو جی میل، کیلنڈر، گوگل میپس، گوگل فلائٹس، گوگل شاپنگ اور یوٹیوب کے ساتھ کروم میں ضم کیا گیا تھا۔














