پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزی بیشن انڈسٹری کے بانی چیئرمین خورشید برلاس نے بنگلہ دیش میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عمران حیدر سے ڈھاکہ میں ملاقات کی جنہوں نے ڈھاکہ میں ہونے والی چوتھی ’میڈ ان پاکستان‘ نمائش کے انعقاد میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
نمائش کا مقصد اور اہمیت
دوران ملاقات خورشید برلاس نے کہا کہ یہ نمائش پاکستانی مصنوعات کو بنگلہ دیش میں متعارف کروانے اور کاروباری روابط کو فروغ دینے کے لیے منعقد کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال بنگلہ دیش میں ہونے والی تیسری میڈ ان پاکستان نمائش میں ٹیکسٹائل، فوڈ پراڈکٹس، گھریلو سامان، جوتے، ٹائلیں، زیورات، کھیلوں کا سامان، فیشن اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں کی مصنوعات پیش کی گئیں اور پاکستانی مصنوعات کو مقامی مارکیٹ میں کافی پذیرائی حاصل ہوئی۔
چوتھی نمائش کی تفصیلات
چوتھی میڈ ان پاکستان نمائش 6 سے 10 اکتوبر 2026 کو انٹرنیشنل کنونشن سٹی بسوندھرا (ICCB) ڈھاکہ میں منعقد ہوگی۔
خورشید برلاس نے کہا کہ اس موقع پر پاکستانی خواتین کاروباری شخصیات بنگلہ دیش کی ترقی پذیر ٹیکسٹائل انڈسٹری سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں جبکہ بنگلہ دیشی خواتین پاکستان کی بڑھتی ہوئی ریٹیل مارکیٹ میں نئے صارفین تلاش کر سکیں گی۔
پاکستانی ہائی کمشنر کا اعتماد
پاکستانی ہائی کمشنر عمران حیدر نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، صنعت، توانائی، موسمیاتی تبدیلی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹریڈ کو بڑھانے اور نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے نمائشوں کا انعقاد بہت ضروری ہے اور حکومت اور ہائی کمشنر کی جانب سے نمائش کے انعقاد میں بھرپور تعاون کیا جائے گا۔
تعاون اور دستاویزات کی فراہمی
آخری مرحلے میں پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزی بیشن انڈسٹری کی جانب سے خورشید برلاس نے پاکستانی ہائی کمشنر عمران حیدر کو نمائش کے حوالے سے تمام دستاویزات پیش کیں تاکہ کامیاب انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔














