مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے پاکستان کو سری لنکا بننے سے بچایا جبکہ سابق وزیر اعظم عمران خان پرعالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ معاہدہ کرکے پاکستان کو گروی رکھ دیا۔ اب ملک کے پاس نواز شریف اور ن لیگ کے سوا کوئی متبادل نہیں۔
بہاولپور میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ انہیں ملک میں مہنگائی کا علم ہے۔ گیس، بجلی، اور روٹی مہنگی ہے۔ بولیں؛ ذرا سوچیں وہ پانچ کا ٹولہ بیٹھا رہتا توپاکستان کا کیا حال ہوتا۔ عمران خان نے آئی ایم ایف سے بہت برا معاہدہ کیا اور کرسی جاتا دیکھ کر اس معاہدے کی خلاف ورزی کی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ انکے عہدے پر تنقید کی جارہی ہے۔ وہ عہدوں کی محتاج نہیں۔ عوام کی محبت کو موروثیت نہیں جمہوریت کہتے ہیں۔ عمران خان کے آئی ایم ایف سے سخت معاہدہ کے بعد اسے توڑنے کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے۔ مہنگے پیٹرول اور ڈیزل کے پیچھے عمران خان کے آئی ایم ایف سے معاہدے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کے چار سالہ جبر کے دور کے خاتمہ پر شکر کرنا چاہیےکہ پاکستان بچ گیا۔ 2018 سے 2022 تک عمران خان نے ملک توڑا، اب ن لیگ اس گھر کی مرمت کر رہی ہے، ملک کے پاس اب نوازشریف اور ن لیگ کے سوا کوئی متبادل نہیں۔
مریم نواز کے مطابق انتخابات میں جانا مسلم لیگ کیلیے بڑا آسان تھا۔ بولیں؛ اس وقت اگر ہم الیکشن میں چلے جاتے تو دو تہائی اکثریت سے جیت کرآتے۔ ن لیگ نے سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا۔ نواز شریف نے 2016 میں آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کردیا تھا۔ پھر کون آئی ایم ایف کو پاکستان میں واپس لے کر آیا؟ نواز شریف دور کے 9 سال اگر نکال دیں تو باقی کھنڈرات بچتے ہیں۔