وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی دنیا کی ان چند مثالوں میں سے ہے جو وقت، حالات اور عالمی تبدیلیوں کے باوجود مسلسل مضبوط سے مضبوط تر ہوتی چلی گئی ہے۔ یہ تعلق محض سفارتی یا معاشی نہیں بلکہ اعتماد، احترام، بھائی چارے اور باہمی تعاون پر مبنی ایک زندہ رشتہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چائنا ونڈو کے زیر اہتمام پاک چین دوستی کی 75ویں سالگرہ اور جشنِ بہاراں کی مناسبت سے منعقدہ شاندار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سابق گورنرز خیبر پختونخوا حاجی غلام علی اور اقبال ظفر جھگڑا، کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان داؤد خان، وائس چانسلر یو ای ٹی پشاور پروفیسر ڈاکٹر صادق خٹک، بشپ ارنسٹ جیکب، تاجر برادری، صحافیوں، طلبا و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مزید پڑھیں: پاک چین ای مائننگ پلیٹ فارم کا آغاز، معدنی شعبے میں 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری متوقع
مزمل اسلم نے کہا کہ پاکستان نے 1951 میں عوامی جمہوریہ چین کو تسلیم کرکے جس دور اندیشی کا مظاہرہ کیا، وہ آج 75 برس بعد ایک مضبوط اور پائیدار شراکت داری کی صورت میں دنیا کے سامنے ہے۔ انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو پاک چین دوستی کا فلیگ شپ منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت توانائی منصوبوں سے بجلی کے بحران میں نمایاں کمی آئی، موٹرویز اور شاہراہوں نے ملک کو شمال سے جنوب تک جوڑا جبکہ گوادر بندرگاہ نے پاکستان کو علاقائی اور عالمی تجارت میں اہم مقام دلایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز کے قیام سے سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ چین نے ہمیشہ پاکستان کو ایک برابر کے شراکت دار کے طور پر دیکھا، اسی لیے پاکستانی عوام کے دلوں میں چین کے لیے بے پناہ محبت اور احترام موجود ہے۔ انہوں نے تقریب کے انعقاد پر چائنا ونڈو کے منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا۔
سابق گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ پاک چین دوستی کو نئی نسل تک منتقل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے لیے تعلیمی، ثقافتی اور عوامی روابط کو مزید فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے چین کے عوام کو پاک چین دوستی کی 75ویں سالگرہ اور جشنِ بہاراں پر مبارکباد دی اور چائنا ونڈو کے کردار کو سراہا۔

سابق گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ پاک چین دوستی کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ لین دین کے بجائے اعتماد اور باہمی احترام پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے گیم چینجر ثابت ہو رہا ہے۔
مزید پڑھیں: معاشی اشاریے مضبوط، پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے تاریخ کی نئی بلندی چھو لی
کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان داؤد خان نے بھی پاک چین دوستی کو نئی نسل تک منتقل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ تعلیمی، ثقافتی اور میڈیا روابط کے ذریعے اس رشتے کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر پاک چین دوستی کی 75ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور شرکا میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ قبل ازیں چائنا ونڈو کے ایڈمنسٹریٹر امجد عزیز ملک نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ اس تقریب کا مقصد چین کے بہن بھائیوں کو پشاور اور خیبر پختونخوا سے امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام دینا ہے۔














