امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جمعے کو جاری کیے گئے نئے عدالتی دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک کے بدنام زمانہ فنانسر اور جنسی جرائم میں سزا یافتہ مجرم جیفری ایپسٹین کے ساتھ تعلقات پہلے سمجھے جانے سے کہیں زیادہ اور خوشگوار نوعیت کے تھے۔
ان دستاویزات میں شامل ای میلز کے مطابق 2012 اور 2013 کے دوران دونوں کے درمیان رابطہ رہا اور مسک کی ایپسٹین کے نجی جزیرے لِٹل سینٹ جیمز پر ممکنہ آمد کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
یہ بھی پڑھیے: بدنام زمانہ جیفری ایپسٹین کی لیکڈ ای میلز: 2018 میں عمران خان ’امن کے لیے بڑا خطرہ‘ قرار
ای میل ریکارڈ کے مطابق دسمبر 2013 میں ایلون مسک نے ایپسٹین کو لکھا کہ وہ تعطیلات کے دوران برٹش ورجن آئی لینڈز اور سینٹ بارٹس کے علاقے میں ہوں گے اور جزیرے پر آنے کے لیے مناسب وقت کے بارے میں پوچھا۔ جواب میں ایپسٹین نے کسی بھی دن آنے کی پیشکش کی۔ بعد ازاں دونوں نے 2 جنوری کی تاریخ طے کی، تاہم ایپسٹین کی مصروفیات کے باعث ملاقات نہ ہو سکی۔
نومبر 2012 کی ایک اور ای میل میں ایپسٹین نے مسک سے پوچھا کہ وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے جزیرے پر کتنے افراد کے ساتھ آئیں گے، جس پر مسک نے اپنی سابقہ اہلیہ تلولا رائلی کے ساتھ آنے کا ذکر کیا اور جزیرے پر پارٹیوں کے بارے میں سوال کیا۔ بعد کی ای میلز سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسک پارٹی ماحول کے خواہاں تھے، جبکہ ایپسٹین نے جزیرے کے ماحول پر تبصرہ کیا۔
یہ بھی پڑھیے: ایپسٹین فائلز کی مزید کھیپ جاری: یہ کونسی معلومات ہیں، اہم شخصیات کے اوسان کیوں خطا ہیں؟
یہ ای میلز ایلون مسک کے ان سابق بیانات سے متصادم دکھائی دیتی ہیں جن میں انہوں نے 2019 میں دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے ایپسٹین کی جزیرے پر آنے کی تمام دعوتیں مسترد کر دی تھیں اور اسے ‘واضح طور پر ایک کریپ’ قرار دیا تھا۔ دستاویزات میں اسپیس ایکس میں ممکنہ ملاقات اور راکٹ لانچ پر مبارکباد کے پیغامات کا بھی ذکر ہے، تاہم ان ملاقاتوں کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
محکمہ انصاف کی جانب سے جاری کردہ یہ 30 لاکھ دستاویزات ایپسٹین کے عالمی بااثر شخصیات سے تعلقات پر نئی بحث چھیڑ رہی ہیں۔














