ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی اور موسلا دھار بارش کی پیشگوئی

پیر 29 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی اور موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی ہے، سندھ میں آج سے 31 مئی تک شدید بارشیں ہوں گیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے علاقوں قلعہ عبداللہ، پشین، زیارت، دکی اور ہرنائی میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔ پنجاب، خیبر پختونخوا، بالائی سندھ، شمال مشرقی بلوچستان اور کشمیر میں آندھی، جھکڑ کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

گزشتہ روز ملتان شہر اور گردونواح میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہوئی، جس کے نتیجے میں مختلف حادثات میں ایک خاتون جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہو گئے۔
طوفانی بارش اور ژالہ باری کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا اور 200 سے زائد فیڈرز بھی ٹرپ کر گئے۔

سندھ میں آج سے 31 مئی تک شدید بارشیں ہوں گی، محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے سلسلے کے تحت سندھ کے بالائی اور وسطی اضلاع میں آج سے 31 مئی تک شدید بارشیں ہوں گی۔

محکمہ موسمیات نے سندھ میں موسم کے پیش نظر ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تیز ہوائیں اور آندھی چلنے سے املاک اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ کسان حضرات موسمیاتی پیشگوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے معاملات ترتیب دیں۔

عوام محفوظ مقامات پر رہیں، محکمہ موسمیات

اس دوران محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں اور آندھی کے دوران عوام کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت بھی کی ہے، مغربی ہواؤں کا سلسلہ وسطی اور بالائی سندھ میں موجود ہے، جس کے تحت صوبے کے مختلف اضلاع میں آج سے 31 مئی تک بارش کا امکان ہے۔

سندھ کے اضلاع جامشورو، مٹیاری، حیدرآباد، ٹنڈوالہ یار، میرپور خاص، عمرکوٹ، قمبرشہداد کوٹ، لاڑکانہ، شکارپور، جیکب آباد، کشمور، سکھر اور گھوٹکی کے اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور کہیں کہیں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں ان دنوں شدید گرمی کے ساتھ ہی موسم گرم اور مرطوب ہے جس کی وجہ سے گرمی کی شدت بھی زیادہ محسوس ہورہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp