وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ گزشتہ 12 ماہ کے دوران بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں 700 سے زائد دہشتگردوں کو انجام تک پہنچایا جا چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صرف گزشتہ 2 روز میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 88 کے قریب دہشت گرد مارے گئے، جو فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی کا ثبوت ہے۔
مزید پڑھیں:بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے حملے ناکام، وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
وزیراعلیٰ کے مطابق آج علی الصبح فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں نے صوبے کے مختلف علاقوں میں حملوں کی کوشش کی، تاہم بلوچستان پولیس اور فرنٹیئر کور کے جانباز جوانوں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تمام حملے ناکام بنا دیے۔
میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائیوں میں اب تک 37 مزید دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ یہ بزدلانہ حملے دہشتگردی کے خلاف ریاست کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست آخری دہشتگرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی اور انسداد دہشتگردی کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔














