محکمہ موسمیات نے آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم مری، گلیات اور گردونواح میں موسم سرد اور مطلع ابرآلود رہنے کی توقع ہے جہاں بارش اور ہلکی برفباری بھی ہوسکتی ہے۔ ملتان، جھنگ، سرگودھا اور فیصل آباد میں چند مقامات پر ہلکی بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ہلکی بارش اور برفباری کا امکان، موسمی صورتحال سے متعلق ایڈوائزری جاری
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ صوبے کے پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ چترال، دیر، کوہستان اور کالام میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور ہلکی برفباری متوقع ہے، جبکہ سوات، کرم اور وزیرستان میں بھی کہیں کہیں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ بلوچستان کے زیادہ تر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع ابرآلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ شمالی بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن اور پشین میں ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بعض مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیے: کراچی میں آئندہ دنوں موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا
محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت کے مطابق اسلام آباد میں 9، لاہور 11، کراچی 18، پشاور 8، کوئٹہ 2، مری 0، گلگت 3 اور مظفرآباد میں 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔














