پاکستان ٹیلی وژن کے سینیئر اداکار راشد محمود نے حال ہی میں ایک ویڈیو کے ذریعے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ان کے انٹرویوز کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے اور قانونی کارروائی کی دھمکی بھی دی ہے۔
راشد محمود نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ میرے پاس کوئی نہ آئے مجھے انٹرویو اور آپ کی مدد کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ آپ لوگ اپنے ویوز کے لیے میری باتوں کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں اور ہیڈنگز ایسی بناتے ہیں جو حقیقت سے ہٹ کر ہیں۔ آئندہ کسی بھی انٹرویو کے لیے میرے پاس نہ آئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ مجھے یتیم یا فقیر دکھا کر پیش کر رہے ہیں، جس سے میرے وقار کو نقصان پہنچا ہے اور میں اس معاملے پر بہت پریشان ہوں۔ براہ کرم مجھے فون نہ کریں، مجھے آپ سے کسی قسم کی مدد نہیں چاہیے۔ اگر آئندہ کوئی اس طرح کی کوشش کرے گا تو میں اس پر کیس کر دوں گا۔
گزشتہ دنوں انہوں نے اپنی صحت کے حوالے سے تفصیلات شیئر کی تھیں اور مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میں ایک محنت کش انسان ہوں اور اپنے خاندان کی کفالت کے لیے محنت کرتا ہوں تب ہی میرا گھر چلتا ہے۔ میں آپ سب سے دعا کی درخواست کرتا ہوں براہِ کرم میری صحت کے لیے دعا کریں۔ اگر میں صحتیاب ہو گیا تو میں اپنے خاندان کے لیے کما سکوں گا‘۔
یہ بھی پڑھیں: صحتیاب ہوا تو خاندان کے لیے کما سکوں گا، سینیئر اداکار راشد محمود کی مداحوں سے دعا کی اپیل
واضح رہے کہ راشد محمود کا شمار پاکستان کی فلم اور ٹی وی انڈسٹری کے سینیئر اداکاروں میں ہوتا ہے، اداکار پی ٹی وی کے ساتھ ایک طویل عرصے تک وابستہ رہے، ان کے مقبول ڈراموں میں شاہین، کاجل گھر، مرزا غالب، ریاست، محبت روٹھ جائے تو، ضرار اور دیگر شامل ہیں۔ وہ زیادہ تر منفی کردار ادا کرنے کے حوالے سے مشہور ہیں۔ راشد محمود ان مشہور شخصیات میں شمار ہوتے ہیں جو سماجی، سیاسی اور میڈیا سے متعلق معاملات پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں۔














