اسٹاک ایکسچینج میں خریداری کا زور برقرار، انڈیکس میں 1900 پوائنٹس سے زائد اضافہ

منگل 3 فروری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کے روز بھی خریداری کا زور برقرار رہا اور کاروبار کے نصف دن پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1900 سے زائد پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مارکیٹ میں آٹوموبائل، سیمنٹ، کیمیکل، بینکنگ، فرٹیلائزر، فارماسیوٹیکل، ٹیکنالوجی اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے شعبوں میں بھرپور خریداری دیکھنے میں آئی، جس کے باعث مجموعی رجحان خاصا مثبت رہا۔

یہ بھی پڑھیں: یو بی ایل سب سے بڑی لسٹڈ کمپنی بن گئی، اسٹاک ایکسچینج 186000 پوائنٹس کی نئی بلندی پر

دوپہر 12 بجے کے ایس ای 100 انڈیکس 186,978.44 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا دکھائی دیا، جو گزشتہ کاروباری دن کے مقابلے میں تقریباً ایک فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔

واضح رہے کہ پیر کے روز اسٹاک مارکیٹ میں شدید اتار چڑھاؤ رہا تھا، تاہم دن کے اختتام پر انڈیکس 883 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 185,057 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ مارکیٹ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بھارت کے درمیان طے پانے والے تجارتی معاہدے پر کوئی منفی ردِعمل ظاہر نہیں کیا، حالانکہ اس معاہدے کے تحت بھارتی مصنوعات پر امریکی ٹیرف 50 فیصد سے کم ہو کر 18 فیصد کر دیا گیا ہے، جو پاکستان پر عائد 19 فیصد ٹیرف سے ایک فیصد کم ہے۔

بین الاقوامی سطح پر بھی منگل کو مالیاتی منڈیوں میں بہتری دیکھی گئی، ایشیائی اسٹاک مارکیٹس اور قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں تیزی آئی، جو گزشتہ روز کی شدید مندی کے بعد بحالی کی علامت ہے۔

مزید پڑھیں: معاشی اشاریے مضبوط، پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے تاریخ کی نئی بلندی چھو لی

جاپان کا نکی انڈیکس 2.5 فیصد جبکہ جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس 4 فیصد بڑھ گیا۔

اسی طرح سونے کی قیمت ایشیائی کاروبار کے دوران 3 فیصد اضافے کے ساتھ 4,800 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، جو پیر کی کم ترین سطح سے تقریباً 9 فیصد زیادہ ہے، جبکہ چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔

ماہرین کے مطابق عالمی منڈیوں میں حالیہ اتار چڑھاؤ کی ایک بڑی وجہ امریکی صدر کی جانب سے کیون وارش کو فیڈرل ریزرو کی قیادت کے لیے نامزد کرنا ہے، جس سے بانڈ ییلڈز میں اضافے اور قیمتی دھاتوں پر دباؤ کے خدشات پیدا ہوئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp