برطانوی فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سر پیٹرک سینڈرز پیر کو پانچ روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ وہ پاکستانی حکام کے ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں کے بعد پیدا ہونے والے بحرانوں پر دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون بڑھانے پرگفتگو کریں گے۔
اسلام آباد میں برطانیہ کے ہائی کمیشن نے ایک غیر ملکی خبررساں ادارے کو بتایا ہے کہ برطانوی آرمی چیف کا یہ دورہ، پاکستان اوربرطانیہ کے درمیان دیرینہ فوجی تعاون کے معاہدے کا حصہ ہے۔
برطانوی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ ’ برطانیہ پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ فوجی، سیاسی اور سفارتی تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اپنے دورے کے دوران جنرل سینڈرز اپنی دیگر مصروفیات کے علاوہ پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔
برطانیہ کے ہائی کمیشن نے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان موجودہ دفاعی تعلقات میں پاکستان کے فوجی آفسران کو برطانیہ کی رائل ملٹری اکیڈمی، ایڈوانس کمانڈ اینڈ اسٹاف کورس، رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز میں تربیت فراہم کرنا شامل ہے۔
پیٹرک سینڈر کے دورہ کا اصل مقصد فوجی تعاون پرتبادلہ خیال کرنا ہے: برطانوی ہائی کمیشن
برطانوی ہائی کمیشن نے بتایا کہ جنرل سر پیٹرک سینڈرز کے دورہ، پاکستان کا اصل مقصد موسمیاتی تبدیلی سے آنے والے بحرانوں پر قابو پانے کے لیے دو طرفہ فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔
واضح رہے کہ جنرل سینڈرز کا دورہ پاکستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب، جس سے پاکستان کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوب گیا تھا اور 1700 افراد جاں بحق اور 33 لاکھ لوگ متاثر ہو گئے تھے، کے ایک سال گزر جانے کے بعد شروع ہوا ہے۔
برطانیہ نے سیلاب کے دوران امدادی کارروائیوں میں بھرپور تعاون کیا: برطانوی ہائی کمیشن
برطانوی ہائی کمیشن نے مزید بتایا کہ برطانیہ کی وزارت دفاع اس وقت کے پاکستان کے آرمی چیف کی اپیل پر سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں میں مدد فراہم کرنے میں براہ راست شامل تھی۔ برطانوی وزارت دفاع نے امدادی کارروائیوں میں مدد کی اور پاکستان کے آرمی چیف کی درخواست پر آٹھ کشتیاں اور دس جنریٹر فراہم کیے تھے۔
واضح رہے کہ اس سال کے شروع میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے 5 سے 9 فروری تک برطانیہ کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے ولٹن پارک کانفرنس میں شرکت کی اور دفاعی حکام سے بات چیت کے علاوہ جنرل سر پیٹرک سینڈرز سے بھی ملاقات کی تھی۔ آرمی چیف کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد یہ جنرل عاصم کا برطانیہ کا پہلا دورہ تھا۔