وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف کی زیر صدارت علما و مشائخ کونسل کے اہم اجلاس میں اسلام آباد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ متفقہ اعلامیے میں شہدا کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحتیابی اور متاثرہ خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
مزید پڑھیں: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف کی مصری ہم منصب سے قاہرہ میں ملاقات
اعلامیے میں کہا گیا کہ عبادت گاہوں میں بے گناہ نمازیوں کو نشانہ بنانا اسلامی تعلیمات، انسانی اقدار اور آئینی و اخلاقی اصولوں کے سراسر منافی ہے۔ اجلاس نے فتنۂ خوارج کی گمراہ کن سوچ اور دہشتگردی کے تمام بیانیوں کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے والی اندرونی و بیرونی سازشوں کا قومی اتحاد اور ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون سے مقابلہ کیا جائے گا۔
عازمین حج 2026 کے لیے اہم اطلاع
سعودی ویزہ بائیو میٹرک کی تاریخ میں توسیع
سعودی ویزہ بائیو میٹرک مکمل کروانے کی حتمی ڈیڈ لائن 17 فروری مقرر
سعودی ویزہ بائیو میٹرک موبائل ایپ سے گھر بیٹھے مکمل کریں: ترجمان مذہبی امور @AmirSaeedAbbasi @KulAalam @asifbashirch #hajj pic.twitter.com/BKB5DjYOlP— Media Talk (@mediatalk922) February 9, 2026
علما و مشائخ نے خطبات، دروس اور مذہبی اجتماعات میں امن، رواداری، اخوت اور باہمی احترام کے پیغام کو فروغ دینے، نفرت انگیز اور تکفیری بیانیے کی تردید، اور نوجوانوں کو انتہاپسندی سے محفوظ رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اعلامیے میں مساجد اور دیگر عبادت گاہوں کی سیکیورٹی مزید مؤثر بنانے، حکومت کی دہشتگردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کی مکمل حمایت، اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
مزید پڑھیں: مذہب کے نام پر دہشتگردی اسلام کے خلاف ہے، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف
اعلامیے میں کہا گیا کہ علما و مشائخ اور پوری قوم حکومتِ پاکستان اور افواجِ پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور قومی اتحاد، باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں سے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔














