چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ محمود خان اچکزئی اور وزیر اعظم کے درمیان ملاقات سے متعلق مختلف اطلاعات زیرِ گردش ہیں، تاہم تاحال اس حوالے سے کوئی حتمی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔
وہ پارلیمنٹ ہاؤس میں وی نیوز سے خصوصی گفتگو میں بیرسٹر گوہر علی خان نے بتایا کہ اس سے قبل یہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ وزیر اعظم کے اسمبلی آنے کی صورت میں ہی اپوزیشن لیڈر سے ملاقات ممکن ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے جمعے کے روز ملاقات کی توقع تھی، بعد ازاں پیر کے دن بھی امید کی جا رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ: بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے سلمان صفدر کو اجازت مل گئی
تاہم حکومت کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق وزیر اعظم بیرونِ ملک دورے پر جا رہے ہیں، جس کے بعد واپسی پر ملاقات کا امکان ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے بھی مختلف باتیں سامنے آ رہی ہیں، کبھی کہا جاتا ہے کہ کسی سینیئر رہنما کی ملاقات کروا دی جائے گی، تاہم اس حوالے سے ابہام پایا جاتا ہے۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ آج کارکنان اور اہلِ خانہ کی ملاقاتیں طے ہیں جبکہ قیادت کی ملاقات بھی ہونی چاہیے۔ ملاقاتیں ہونی چاہییں اس میں سیاست نہ ہو۔
مزید پڑھیں: عمران خان اسلام آباد پر چڑھائی کرنے سے تائب ہوگئے، بیرسٹر گوہر کا اہم اعلان
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق خدشات موجود ہیں، یہ خدشات ختم ہونے چاہییں اور عوام کو اطمینان دلانا ضروری ہے کہ ان کی صحت کا باقاعدہ جائزہ لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالتوں کو چاہیے کہ پاکستان تحریک انصاف کے مقدمات آئین اور قانون کے مطابق مقرر کریں اور ان میں تیزی لائی جائے۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے واضح کیا کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بارے میں فی الحال کچھ حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا، تاہم وہ متعلقہ حکام سے درخواست ضرور کریں گے کہ عمران خان سے ملاقات کو یقینی بنایا جائے۔












