اوپن اے آئی کی جانب سے چیٹ جی پی ٹی میں اشتہارات کی آزمائشی شروعات کے بعد حریف کمپنی اینتھروپک نے اس فیصلے پر شدید تنقید کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اے آئی سے دوستی کا رجحان کہیں حقیقی زندگی سے دوری کی شروعات تو نہیں؟
اوپن اے آئی نے 10 فروری 2026 سے امریکا میں فری اور Go صارفین کے ایک محدود گروپ کو چیٹ جی پی ٹی کے اندر اشتہارات دکھانے شروع کیے ہیں۔
اس پیشرفت کے جواب میں اینتھروپک نے ایک ہزار سے زائد الفاظ پر مشتمل ایک بلاگ پوسٹ شائع کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی گفتگو میں اشتہارات کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔
اینتھروپک نے واضح کیا ہے کہ اس کا چیٹ بوٹ کلاڈ مستقبل میں بھی اشتہارات سے پاک رہے گا۔
اے آئی چیٹس میں اشتہارات ناموزوں قرار
بلاگ پوسٹ میں اینتھروپک کا کہنا ہے کہ سرچ انجنز اور سوشل میڈیا پر اشتہارات مؤثر ہوتے ہیں کیونکہ وہاں صارفین اسپانسرڈ مواد کی توقع رکھتے ہیں تاہم اے آئی چیٹس ایک بالکل مختلف ماحول ہیں۔
مزید پڑھیے: واٹس ایپ کو اے آئی حریفوں کو رسائی نہ دینا مہنگا پڑگیا، یورپی یونین حرکت میں آگئی
کمپنی کے مطابق صارفین چیٹ بوٹس کے ساتھ گفتگو کے دوران حساس معلومات، ذاتی مسائل اور پیچیدہ پیشہ ورانہ امور شیئر کرتے ہیں۔
اینتھروپک نے چیٹ کے اندر اشتہارات کو ایک ناموزوں قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سےاے آئی اور صارف کے درمیان اعتماد متاثر ہو سکتا ہے۔
اوپن اے آئی اور اینتھروپک کے درمیان بڑھتی ہوئی یہ لفظی جنگ اس بات کو بھی اجاگر کر رہی ہے کہا کہ اے آئی کمپنیاں مستقبل میں اشتہارات کو کس طرح استعمال کرنا چاہتی ہیں۔
اے آئی کے رویے پر اثر کا خدشہ
اینتھروپک نے خبردار کیا کہ اشتہارات اے آئی کے رویے کو بدل سکتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق اشتہارات کا بنیادی مقصد صارفین کو زیادہ وقت تک پلیٹ فارم پر رکھنا ہوتا ہے جو اس بات میں رکاوٹ بن سکتا ہے کہ اے آئی واقعی صارف کی مدد کر رہا ہے یا نہیں۔
مزید پڑھیں: اوپن اے آئی کا چیٹ جی پی ٹی میں اشتہارات دکھانے کا اعلان
بلاگ میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ اگر اے آئی کوئی تجویز دے تو صارف کیسے یقین کرے کہ وہ خالصتاً مدد کے لیے ہے یا کسی پراڈکٹ کی تشہیر کے لیے؟
اینتھروپک کے مطابق یہ مسئلہ اس لیے بھی سنگین ہے کیونکہ اب بہت سے لوگ اے آئی کو ایک مشیر کے طور پر استعمال کرنے لگے ہیں۔
کلاڈ کا کاروباری ماڈل
اینتھروپک نے وضاحت کی کہ اس کا بزنس ماڈل اشتہارات کی بجائے سبسکرپشنز اور کاروباری معاہدوں پر مبنی ہے جس سے کمپنی کو صارفین کی توجہ یا ڈیٹا فروخت کیے بغیرکلاڈ کو بہتر بنانے کا موقع ملتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: انتھراپک کا اپنے جدید ماڈل کلاڈ سونیٹ 4.5 جاری، دیگر اے آئی ماڈلز کو چیلنج
کمپنی کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اے آئی شاپنگ یا بکنگ جیسے کاموں میں معاون ہو سکتا ہے تاہم ایسے تمام اقدامات ہمیشہ صارف کی جانب سے شروع ہونے چاہییں نہ کہ اے آئی کی طرف سے مسلط کیے جائیں۔













