ہم شناخت دینے آئے تھے، پانی بجلی اور گیس دینا جماعت اسلامی کا کام ہے: سربراہ ایم کیو ایم

منگل 30 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ ’ہم شناخت دینے آئے تھے، ہمارا کام ختم ہو گیا۔ پانی کا، بجلی کا، گیس کا ہمارا کام نہیں، یہ جماعت اسلامی کا کام ہے۔‘

خالد مقبول صدیقی کی جانب سے تقریر کے دوران کیا گیا تبصرہ اس لیے دلچسپ جانا گیا کہ وہ رفاہی کاموں کی ذمہ داری اپنی مخالف سیاسی جماعت پر ڈالتے ہوئے خود کر پبلک ویلفیئر سے بری الذمہ بتاتے دکھائی دیے۔

اسی تناظر میں ایم کیو ایم رہنما سے سوال کیا گیا کہ ’خالد بھائی کیا ایم کیو ایم صرف حکومتوں کے مزے لینے آئی تھی۔‘

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ کی تقریر پر ردعمل دینے والوں نے ان کے موقف کو ذمہ داریوں کی انجام دہی سے پہلو تہی قرار دیا تو کچھ ایسے بھی تھے جو ’شناخت دینے‘ کے دعوی سے متفق دکھائی نہ دیے۔

mqm praising ji in karachi

ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے میر شاہد حسین نے لکھا کہ ’اسی لیے ایم کیو ایم بھی ختم ہو گئی جب کام ختم ہو گیا۔‘

ڈاکٹر فہیم احمد نے پوچھا کہ ’کیا کہنا چاہتے ہوئے بھائی؟ کام ختم تو پارٹی کیا وزارتوں کے لیے رکھ چھوڑی ہے۔‘

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ کا حالیہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کراچی میں مئیر کے انتخابات ہو رہے ہیں۔

سندھ کی حکمراں جماعت پیپلزپارٹی نے شہر میں اپنا میئر لانے کا اعلان کر رکھا ہے جب کہ جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ اسے کراچی والوں نے سب سے زیادہ ووٹ دیے ہیں، مئیر لانا ان کا حق ہے۔

یوسی چیئرمین کی نشستوں کے اعتبار سے تیسرے نمبر پر موجود تحریک انصاف نے میئر کراچی کے انتخابات کے لیے جماعت اسلامی کی حمایت کا اعلان کر رکھا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp