چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل کو 10 ارب ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا

منگل 30 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر پریس کانفرنس میں الزامات لگانے پر وفاقی وزیرِصحت عبدالقادر پٹیل کو 10 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا۔

نوٹس سابق وزیراعظم  کے وکیل ابوذر سلمان نیازی کی جانب سے بھجوایا گیا ہے۔ نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیر صحت عبدالقادر پٹیل 15 روز میں اپنے الزامات واپس لیں اور فوری طور پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے غیر مشروط معافی مانگیں۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عبدالقادر پٹیل چیئرمین تحریک انصاف کو 10 ارب بطور ہرجانہ ادا کریں جسے شوکت خانم اسپتال میں جمع کروایا جائے گا، عبدالقادر پٹیل نے معافی نہ مانگی تو قانونی کارروائی آگے بڑھائیں گے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ عمران خان کے خون اور پیشاب کے نمونوں سے ان کے جسم میں ’ڈرگز‘ پائی گئی ہیں، ان نمونوں میں کتنی کوکین پائی گئی ہے، یہ مکمل تحقیق اور مزید ٹیسٹ مکمل کرکے پبلک کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا تھا کہ میں اسمبلی میں بھی کہتا رہا ہوں کہ عمران خان کی دماغی حالت ٹھیک نہیں ہے۔ میں اپیل کرتا ہوں کہ عمران خان کے دماغی توازن کے خراب ہونے کا اعلان کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp