15 فروری کو ہونے والے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج مقابلے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ پر بارش کے سائے منڈلانے لگے ہیں، جس کے باعث میچ کے واش آؤٹ ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی گھنٹہ وار پیشگوئی کے مطابق اتوار کو کولمبو میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جہاں دوپہر اور شام کے اوقات میں بارش کے امکانات 55 سے 60 فیصد تک بتائے گئے ہیں۔ درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 31 اور کم سے کم 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے، جبکہ دن بھر ہلکی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ، اب تک کھیلے گئے پاک بھارت مقابلوں میں میچ کے بہترین کھلاڑی کون رہے؟
خاص طور پر دوپہر ڈیڑھ بجے سے شام ساڑھے 6 بجے تک بارش کے امکانات 55 سے 59 فیصد کے درمیان رہیں گے، جو میچ کے مقررہ اوقات سے براہِ راست مطابقت رکھتے ہیں۔ مقابلہ آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے۔
پاکستان نے ابتدائی طور پر بنگلہ دیش سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کیا تھا، تاہم بعد ازاں حکومتِ پاکستان کے سرکاری بیان کے بعد ٹیم نے میچ کھیلنے کی تصدیق کر دی، جس سے غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ہوا۔
سری لنکا کے غیر متوقع موسم نے اب اس اہم مقابلے کے لیے نئی تشویش پیدا کر دی ہے۔ پاکستان ٹیم کو ایونٹ کے وارم اپ میچز کے دوران بھی موسمی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
مزید پڑھیں: پاکستان ٹیم بھارت سے میچ کی صورت میں حکومت کی ہدایت پر عمل کرے گی، کپتان سلمان علی آغا
موجودہ پوائنٹس سسٹم کے تحت اگر میچ بارش کی نذر ہو گیا تو دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ ملے گا۔
دونوں ممالک کے شائقین موسم کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور دعاگو ہیں کہ حالات سازگار رہیں تاکہ ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے مقابلوں میں سے ایک میچ مکمل طور پر کھیلا جا سکے۔













