اسلام آباد انتظامیہ نے ریونیو کے امور میں شفافیت اور ڈیجیٹائزیشن کو فروغ دینے کے لیے ای اسٹیمپنگ سسٹم کو باقاعدہ طور پر فعال کر دیا ہے، جبکہ ڈسٹرکٹ کلیکٹر آفس کی جانب سے جاری تمام اسٹامپ وینڈنگ لائسنس فوری طور پر منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ اقدام ریونیو سے متعلقہ امور میں شفافیت، استعداد کار اور جدید نظام کے نفاذ کے سلسلے کی کڑی ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ای اسٹیمپنگ سسٹم کے آغاز کے بعد اسلام آباد میں روایتی اسٹامپ وینڈنگ لائسنس برقرار نہیں رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: حکومت کورٹ فیس اور اسٹامپ ڈیوٹی میں 1000 فیصد تک اضافہ واپس لے، پنجاب بار کونسل
آفس آرڈر کے مطابق اس ضمن میں ضروری ہدایات پہلے ہی فیڈرل ٹریژری آفس اسلام آباد اور متعلقہ اداروں کو جاری کی جا چکی تھیں۔ ای اسٹیمپنگ نظام کے نفاذ کے ساتھ ہی سابقہ لائسنس منسوخ تصور ہوں گے۔
Islamabad Administration operationalizes E-Stamping system to enhance transparency and digitization in revenue matters; all stamp vending licences issued by the District Collector’s office stand cancelled with immediate effect pic.twitter.com/dnrJCk5Rxz
— DC Islamabad (@dcislamabad) February 16, 2026
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نئے نظام سے نہ صرف ریونیو وصولی کے عمل میں شفافیت آئے گی بلکہ جعلسازی اور بے ضابطگیوں کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔












