اسلام آباد پولیس کے انسداد انتہا پسندی یونٹ نے کارروائیاں کرتے ہوئے 203 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بند کرنے کے لیے ایف آئی اے کو خط لکھ دیا ہے جس کے بعد ایف آئی اے نے ابھی تک 106 اکاؤنٹس کو بند کیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق انسداد انتہا پسندی یونٹ نے سوشل میڈیا پر مذہبی، مسلکی، لسانی منافرت پھیلانے اور اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں کی ہیں۔
اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے انسداد انتہاء پسندی یونٹ کی کارروائیاں۔
سوشل میڈیا پر مذہبی، مسلکی، لسانی منافرت پھیلانے اور اداروں کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں۔
انسداد انتہاء پسندی یونٹ نے 203 سوشل میڈیا اکاونٹس کو بند کرنے کے لئے ایف آئی اے کو خط لکھا۔…
— Islamabad Police (@ICT_Police) May 30, 2023
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس کا انسداد انتہا پسندی یونٹ ایسے عناصر کے خلاف موثر کردار ادا کررہا ہے اور ایسے افراد کے خلاف قانونی کارروائیاں بھی عمل میں لائی جارہی ہیں۔
پولیس نے اپیل کی ہے کہ شہری ایسی سرگرمیوں سے دور رہیں اور اگر ایسی کوئی بھی اطلاع ہو تو اطلاع دی جائے۔
واضح رہے کہ آج کے دور میں سوشل میڈیا کو خطرناک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے اور دشمن عناصر نوجوان نسل کی ذہن سازی کرتے ہوئے ان کو استعمال کرتے ہیں۔
9 مئی کے واقعات کے بعد بھی سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا جبکہ اس کے علاوہ عام حالات میں بھی دشمن عناصر لوگوں کے مسلکی اور نسلی تعصبات ابھارنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔