بلوچستان: مسلم باغ میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے جاں بحق، 3 زخمی

منگل 30 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے شمال مشرقی ضلع سیف اللہ کی تحصیل مسلم باغ میں منگل کی شام کو آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔

واقعہ کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جہاں سے جاں بحق اور زخمی بچوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا گیا ہے۔

پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان ریلیف کمشنر جہانزیب خان کے مطابق کوئٹہ، قلعہ سیف اللہ، خضدار، زیارت، قلات، لسبیلہ، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، موسیٰ خیل، کچھی، جھل مگسی، آواران، ہرنائی، بارکھان، ژوب، دکی اور ان سے ملحقہ علاقوں میں آندھی اور طوفانی بارش ریکارڈ کی گئی۔ خضدار اور سنجاوی میں آندھی سے سینکڑوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آواران، لسبیلہ، خضدار، قلات، ژوب، سبی، زیارت، قلعہ سیف اللہ اور کچھی میں آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں حیدر آباد، جامشورو و گردونواح میں طوفانی بارش اور ژالہ باری، 3 بچے جاں بحق

واضح رہے کہ منگل کے روز ہی صوبہ سندھ کے علاقوں حیدر آباد، جامشورو اور گرد و نواح میں طوفانی بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے جس سے لوگوں کی املاک کو نقصان ہوا ہے اور ایک گھر کی دیوار گرنے سے 3 بچے جاں بحق ہو گئے ہیں۔

ژالہ باری کے بڑے اولے پڑنے سے شہریوں کی باہر کھڑی گاڑیوں کی ونڈ اسکرینیں ٹوٹ گئیں جبکہ چھتوں پر رکھے گئے فائبر کے ٹینکوں کو بھی ان اولوں نے نقصان پہنچایا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp