پاکستان میں رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ شروع ہوتے ہی ملک بھر میں روحانیت کا سماں قائم ہوگیا۔ مساجد میں پہلی تراویح کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جہاں لاکھوں فرزندانِ اسلام نے ربِ کائنات کے حضور سجدہ ریز ہو کر مغفرت، رحمت اور برکتوں کی دعائیں مانگیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں رحمتوں اور برکتوں والے مہینے رمضان المبارک کا آغاز، آج پہلی تراویح کا اہتمام
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فیصل مسجد میں تراویح کے لیے ہزاروں نمازیوں نے شرکت کی، جبکہ کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں کی بڑی مساجد میں بھی نمازیوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران فیصل مسجد میں نماز کی ادائیگی کے لیے آنے والے شہریوں کی سہولت کے پیشِ نظر مؤثر اور بہترین ٹریفک انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے موقع پر موجود ہیں۔#WeRIslamabadPolice #ICTP #ITP #Islamabad pic.twitter.com/Wfk8CqhV21
— Islamabad Police (@ICT_Police) February 18, 2026
علما کرام نے رمضان المبارک کی فضیلت، تقویٰ، صبر اور ہمدردی کا درس دیتے ہوئے امتِ مسلمہ کو اخوت و بھائی چارے کی تلقین کی۔
رمضان المبارک کے آغاز پر شہریوں نے ملک میں امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کیں، جبکہ مساجد میں عبادات کے ساتھ ساتھ قرآن خوانی اور درس و تدریس کے حلقے بھی شروع ہو گئے ہیں۔
اس موقع پر مساجد میں نمازیوں کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
سحری کی تیاریاں
دوسری جانب شہریوں نے پہلی سحری کے لیے تیاریاں شروع کر دیں۔ بازاروں میں کھجلہ، پھینی، دودھ، دہی، پھل اور دیگر اشیائے خورونوش کی خریداری عروج پر رہی۔ بیکریوں اور سویٹس شاپس پر بھی رش دیکھنے میں آیا۔
منافع خور سرگرم
تاہم رمضان کے آغاز کے ساتھ ہی منافع خور بھی سرگرم ہو گئے ہیں، پھل اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا جس پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔













