صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اہل پاکستان کو رمضان المبارک کے آغاز پر مبارکباد پیش کی ہے۔
آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہاکہ میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ وہ ہمیں رمضان المبارک کی حقیقی روح کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
مزید پڑھیں: رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، پاکستان میں کل پہلا روزہ ہوگا
صدر مملکت نے مزید کہاکہ اللہ پاکستان کو امن، استحکام اور ترقی سے نوازے، ہماری عبادات، دعاؤں اور نیک اعمال کو شرف قبولیت عطا فرمائے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو ماہ رمضان المبارک کے بابرکت اور روح پرور آغاز پر دل کی گہرائیوں سے اظہار تہنیت اور مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہاکہ بے شک یہ عظیم ماہ مقدس اللہ تعالیٰ کی خصوصی عنایت ہے جو مسلمانوں کو خشوع وخضوع کے ساتھ عبادت اور تقویٰ و پرہیزگاری، اور روحانی پاکیزگی جیسی مذہبی اقدار کو ترو تازہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
شہباز شریف نے کہاکہ رمضان المبارک انفرادی اور اجتماعی سطح پر یہ شعور دیتا ہے کہ عبادت کی حقیقی روح کردار کی اصلاح، باہمی ایثار و احساس، معاشرتی ذمہ داریوں اور حقوق العباد کا احترام ہے۔
انہوں نے کہاکہ روزہ محض مذہبی فریضہ کی ادائیگی نہیں بلکہ روز مرہ زندگی میں صبر، نظم و ضبط اور احساس ذمہ داری کی عملی تربیت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت قوم بھی رمضان المبارک ہمیں باہمی کاوشوں سے اجتماعی خیر سگالی اور بالخصوص کمزور طبقہ کی فلاح و بہبود کا پیغام دیتا ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ حکومت پاکستان نے اپنے کمزور طبقات کی ہر ممکن معاونت کے لیے رمضان پیکج کا آغاز کیا ہے۔ جس کے تحت مستحق افراد کو باعزت طریقے سے ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے مالی امداد منتقل ہو جائے گی تاکہ تمام گھرانے رمضان میں سحر و افطار کے دستر خوان کی رونقیں قائم رکھ سکیں۔
مزید پڑھیں: رمضان المبارک: مساجد میں پہلی تراویح کے روح پرور اجتماعات، بازاروں میں رونق
’ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی ہمیں قران پاک کی تعلیمات ، اسوہ حسنہ اور اس مقدس مہینے کی حقیقی عملی تربیت پر عمل پیرا ہونے کی توفیق دے۔‘
انہوں نے کہاکہ اس ماہ مقدس کے آغاز پر ہم دست بدعا ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہماری انفرادی اور اجتماعی عبادات اور نیک اعمال کو شرف قبولیت بخشے اور پاکستان کو امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنا دے۔












