سعودی عرب نے امریکی فوج کے سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے سابق کمانڈر ریٹائرڈ جنرل مائیکل کوریلا کو کنگ عبدالعزیز میڈل (ایکسیلینٹ کلاس) سے نواز دیا۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ اعزاز شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر دیا گیا، جبکہ وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے ریاض میں اپنے دفتر میں منعقدہ تقریب کے دوران جنرل کوریلا کو یہ میڈل پیش کیا۔
کنگ عبدالعزیز میڈل کیا ہے؟
کنگ عبدالعزیز میڈل، جسے اکثر ’آرڈر آف کنگ عبدالعزیز‘ بھی کہا جاتا ہے، سعودی عرب کے اعلیٰ ترین اور باوقار سول و عسکری اعزازات میں شمار ہوتا ہے۔ اس اعزاز کا نام مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز السعود کے نام پر رکھا گیا۔
یہ بھی پڑھیے جنرل شمشاد مرزا کو’ کنگ عبدالعزیز میڈل آف آنر‘ سے نواز دیا گیا
اس اعزاز کا باقاعدہ اجرا 20 مارچ 1971 کو شاہ فیصل نے کیا تھا۔
جنرل مائیکل کوریلا کون ہیں؟
ریٹائرڈ جنرل مائیکل کوریلا اگست 2025 میں فعال فوجی خدمات سے سبکدوش ہوئے۔ وہ امریکی فوج کے سینٹرل کمانڈ کے 15ویں سربراہ رہے اور انہوں نے مشرق وسطیٰ، وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیا کے 21 ممالک میں امریکی فوجی آپریشنز کی نگرانی کی۔
انہوں نے اپریل 2022 سے اگست 2025 تک سینٹکام کی قیادت کی۔
امریکا سعودی دفاعی تعلقات میں اہم کردار
اپنے دورِ قیادت کے دوران جنرل کوریلا نے امریکا اور سعودی عرب کے درمیان 8 دہائیوں پر محیط عسکری شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیے پاکستان کا بڑا اعزاز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اعلیٰ ترین سعودی میڈل سے سرفراز
انہوں نے سعودی عرب کے متعدد اسٹریٹجک دورے کیے اور اعلیٰ دفاعی قیادت کے ساتھ قریبی روابط استوار کیے، جن میں چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی بھی شامل تھے۔
دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں میں مشترکہ فوجی تیاری، علاقائی سلامتی کے نظام کو مزید مربوط بنانے اور ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے پر توجہ دی گئی۔ ان خطرات میں بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں حوثی حملے بھی شامل تھے۔














