ماہِ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی کوئٹہ کی مارکیٹوں میں کھجور کی مانگ میں یکدم اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں شہری سنت کے مطابق روزہ افطار کرنے کے لیے بڑی تعداد میں کھجور خریدنے میں مصروف ہیں۔ رمضان المبارک میں کھجور کو افطار کا اہم حصہ سمجھا جاتا ہے، اسی لیے ہر سال اس مقدس مہینے سے قبل کھجور کی خریداری میں غیر معمولی اضافہ ہو جاتا ہے۔
کوئٹہ کی مرکزی مارکیٹوں میں ان دنوں خریداروں کا رش دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں ایران اور بلوچستان کے علاقے پنجگور سے آنے والی کھجور خاص طور پر شہریوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ تاجروں کے مطابق ہر سال کی طرح اس سال بھی پنجگور اور ایران کی کھجور کی مانگ سب سے زیادہ ہے کیونکہ یہ نہ صرف ذائقے میں بہتر ہوتی ہے بلکہ عام صارف کی قوت خرید کے مطابق بھی دستیاب ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: سعودی عرب: رمضان میں کھجوروں کی طلب میں اضافہ
کھجور فروخت کرنے والے تاجروں نے بتایا کہ پنجگور کی کھجور سائز میں نسبتاً چھوٹی ہوتی ہے مگر ذائقے میں انتہائی لذیذ اور معیاری ہوتی ہے، جس کی وجہ سے لوگ اسے زیادہ پسند کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام بالخصوص قلمی اور مضافاتی اقسام کی کھجور کو ترجیح دیتے ہیں، جو نہ صرف صوبے بلکہ ملک بھر میں مقبول ہے، جبکہ پنجگور کی کھجور بیرون ملک بھی برآمد کی جاتی ہے۔
تاجروں کے مطابق مارکیٹ میں کھجور کی مختلف اقسام دستیاب ہیں، تاہم اس سال گزشتہ سال کی نسبت قیمتوں میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ گزشتہ سال جو کھجور 550 سے 600 روپے فی کلو میں دستیاب تھی، اب اس کی قیمت بڑھ کر 700 سے 750 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے باوجود شہری بڑی تعداد میں کھجور خرید رہے ہیں تاکہ رمضان المبارک میں افطار کا آغاز سنت کے مطابق کیا جا سکے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کھجور نہ صرف مذہبی اہمیت رکھتی ہے بلکہ صحت کے لیے بھی مفید ہے، اس لیے وہ رمضان سے پہلے ہی کھجور خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ کھجور کی طلب میں مزید اضافہ متوقع ہے، جس کے پیش نظر سپلائی کو برقرار رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو معیاری کھجور باآسانی دستیاب ہو سکے۔











