رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے پیشہ ور گداگروں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں یکم رمضان سے اب تک 100 سے زائد گداگروں کو حوالات منتقل کیا جا چکا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کی ہدایات پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے اور مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: پنجاب اسمبلی میں گداگروں کے خلاف قرارداد منظور، منظم گروہوں پر کریک ڈاؤن کا مطالبہ
ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن نے کہا ہے کہ گداگروں کا باقاعدہ ڈیٹا مرتب کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں دوبارہ شہر میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں فعال ہونے والے گداگری نیٹ ورکس کو ہر صورت روکا جائے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گداگروں کے خلاف مؤثر کارروائیاں شہریوں کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔ شہری پیشہ ور گداگروں کی نشاندہی کر کے فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کریں تاکہ بروقت ایکشن لیا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر میں منظم گداگری کے خاتمے اور شہریوں کو پیشہ ور بھکاریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔














