لکھنؤ میں 21 سالہ نوجوان کو اپنے والد کے بہیمانہ قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے کیریئر کے معاملے پر جھگڑے کے بعد اپنے والد کو گولی مار کر قتل کیا۔
مزید پڑھیں: سپریم کورٹ: دوہرے قتل کے مجرم کی سزائے موت ضعیف العمری کی وجہ سے عمر قید میں تبدیل
متوفی منویندر سنگھ (49 سالہ) دواسازی اور شراب کے کاروبار سے وابستہ تھے اور جمعہ سے لاپتا تھے۔ پولیس نے گھر کی تلاشی کے دوران شواہد ملنے پر بیٹے اکشَت پرتاپ سنگھ سے پوچھ گچھ کی، جس کے بعد اس نے اعترافِ جرم کرلیا۔
پولیس کے مطابق والد چاہتے تھے کہ بیٹا مقابلے کے امتحانات دے کر میڈیکل کے شعبے میں کیریئر بنائے، تاہم اس معاملے پر دونوں کے درمیان اکثر تنازع رہتا تھا۔ جمعہ کی شام ہونے والے جھگڑے کے بعد مبینہ طور پر ملزم نے والد کو گولی ماری اور شواہد چھپانے کی کوشش کی۔
مزید پڑھیں: کوہاٹ: لیڈی ڈاکٹر کے قتل کیخلاف ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج، اسپتال میں طبی سروسز معطل
واقعے کے بعد فرانزک ٹیم کو طلب کر لیا گیا ہے اور گھر سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق لاش کے دیگر حصوں کی تلاش جاری ہے اور ملزم کو حراست میں لے کر مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
سینئر پولیس افسر اکرانٹ ویر نے کہا کہ حاصل شدہ شواہد کی بنیاد پر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید قانونی عمل یقینی بنایا جائے گا۔














