بھارت کے شہر احمد آباد میں واقع دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں صفائی کے ناقص انتظامات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد انتظامیہ کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے ایک میچ کے دوران ایک بھارتی صارف کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں اسٹیڈیم کے بیت الخلا کی ابتر حالت، گندے فرش اور ناقابلِ برداشت بدبو کی شکایت کی گئی۔ صارف کے مطابق بیت الخلا میں صفائی کے لیے کوئی عملہ موجود نہیں تھا، جس کے باعث وہاں کھڑا ہونا بھی دشوار تھا۔
View this post on Instagram
ویڈیو میں پینے کے پانی کی قلت بھی نمایاں دکھائی دی جہاں شائقین کو محدود پانی کے حصول کے لیے طویل قطاروں میں انتظار کرتے دیکھا گیا۔ صارف کا کہنا تھا کہ جو پانی شائقین کو پلایا جا رہ اہے اسے کوور بھی نہیں کیا گیا اور پھر یہی بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میچ کے ابتدائی پندرہ اوورز کے اندر ہی متعدد تماشائی خراب انتظامات سے تنگ آ کر اسٹیڈیم چھوڑنے پر مجبور ہو گئے۔
سوشل میڈیا پر بھارتی صارفین نے بھی اس صورتحال پر سخت ردعمل دیا۔ بعض نے طنزیہ انداز میں کہا کہ بھارت میں عوامی مقامات پر صاف بیت الخلا کی توقع رکھنا ہی غیر حقیقی ہے، جبکہ دیگر نے اسے عالمی سطح پر ملک کے تشخص کے لیے باعثِ شرمندگی قرار دیا۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ بھارت کے بڑے اسپورٹس وینیوز میں بنیادی سہولیات کے فقدان کی شکایات سامنے آئی ہوں۔ عالمی معیار کے دعوے کرنے والے بھارت کواسٹیڈیمز میں صفائی، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کو یقینی بنانے میں بار بار ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔












