پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اعجاز اسلم نے رمضان المبارک کے دوران سحری اور افطاری میں اپنی غذائی عادات کے بارے میں تفصیلات بیان کر دیں۔
اداکار نے حال ہی میں تابش ہاشمی کے شو میں شرکت کی، جہاں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ سحری میں پراٹھے استعمال نہیں کرتے بلکہ ہلکی اور متوازن غذا کو ترجیح دیتے ہیں۔ ان کے مطابق ان کی سحری میں انڈے، ٹوسٹ، مختلف اقسام کے میوہ جات (نٹس) اور پھل شامل ہوتے ہیں۔
View this post on Instagram
اعجاز اسلم کا کہنا تھا کہ وہ سحری ایک ہی وقت میں مکمل کرنے کے بجائے وقفے وقفے سے کھانا پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی سحری عموماً رات ڈھائی بجے شروع ہو کر اذان تک جاری رہتی ہے، کیونکہ وہ ایک ساتھ زیادہ کھانے کے بجائے قسطوں میں کھانے کو زیادہ موزوں سمجھتے ہیں۔
افطاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکار نے بتایا کہ فروٹ چاٹ ان کے افطار کا لازمی حصہ ہے، جسے وہ خود خصوصی انداز میں تیار کرتے ہیں۔ ان کے مطابق وہ فروٹ چاٹ میں مختلف پھلوں کے ساتھ میوہ جات بھی شامل کرتے ہیں، جبکہ پودینہ اور ان کا تیار کردہ مخصوص چاٹ مصالحہ اس کا ذائقہ مزید بڑھا دیتا ہے۔













