بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے حوالے سے صوبائی محکمہ صحت اور اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کے مابین معاہدہ ہوگیا۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام اسد اللہ کاکڑ اور ڈویژنل ہیڈ اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی محمد عشر نے ہیلتھ کارڈ ایگریمنٹ پر دستخط کیے۔
صوبائی وزیر صحت سید احسان شاہ صحت نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارڈ سے متعلق اسٹیٹ لائف کے ساتھ معاہدے کو خوش آئند ہے قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحت کا شعبہ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے۔
سید احسان شاہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے خصوصی طور پر ہدایت کی ہے کہ صحت کارڈ کے جلد اجرا کو پہلی ترجیح دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا ہر وہ باشندہ چاہے وہ جھونپڑی، سنگلاخ چٹانوں یا ساحلی علاقوں میں رہ رہا ہو اس پروگرام سے مستفید ہوگا۔
وزیر صحت نے بتایا کہ صحت کارڈ کے تحت شہریوں کو 10 لاکھ روپے تک علاج معالجے کی مفت سہولیات میسر آئیں گی اور یہ کارڈز 2 ماہ کے اندر لانچ کردیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پینل پر موجود ہر اسپتال میں باقاعدہ ایک معلوماتی سینٹر قائم کیا جائے گا۔
سید احسان شاہ نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ اس تاریخی پروگرام کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام اسد اللہ کاکڑ نے کہا کہ ہر خاندان کو ہیلتھ کارڈ کی سہولت کے تحت ملک بھر کے 1200 اسپتالوں میں صحت کی مفت سہولیات دی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام بلوچستان میں ہرشہری کو فراہم کیا جانے والا ایک منفرد پروگرام ہے۔
صحت کارڈ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے ڈویژنل ہیڈ اسٹیٹ لائف محمد عشر نے بتایا کہ صوبے کے 34 اضلاع میں 20 لاکھ خاندان صحت انصاف کارڈ سے مستفید ہونگے اور ہر باشندے کا قومی شناختی کارڈ ہی اس کا صحت کارڈ ہوگا۔
محمد عشر نے مزید بتایا کہ اس حوالے سے ہفتے کے ساتوں دن 24 گھنٹے کام کرنے والی ہیلپ لائن قائم کر دی گئی ہے اور لوگوں کی رہنمائی کے لیے ہر اسپتال میں سہولت ڈیسک بھی بنایا جائے گا جب کہ ریئل ٹائم ڈیٹا اور مانیٹرنگ کا موثر نظام بھی قائم کیا جائے گا۔
اس موقع پر سیکریٹری صحت اسفندیار خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صحت کارڈ صحت کے شعبے میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔
تقریب سے خطاب کے دوران چیئرمین بی آر اے نورالحق بلوچ نے کہا کہ صحت کارڈ سوشل سیکورٹی کا نہایت ہی اہم پروگرام ہے اور دور دراز علاقوں کے لوگ بھی اس سے مستفید ہونگے۔
معاہدے کی تقریب سے خطاب کے دوران چیئرمین اسٹیٹ لائف شیعب جاوید حسین کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ لائف ریئل ٹائم سروس مہیا کرے گا۔ تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اسٹیٹ لائف منظور علی شیخ اور عبدالشکور شیخ نے بھی شرکت کی۔