کہاوت ہے کہ ’تندرستی ہزار نعمت ہے‘۔ اس نعمت کے قدر دان کوئٹہ کے بزرگ اور نوجوان دونوں ہیں، جو ان دنوں بڑی تعداد میں بدن کو چست اور تندرست رکھنے کے لیے یوگا کلاسز کا رخ کر رہے ہیں۔
حاجی بہادر خان بلوچ اور ان کے ساتھی کوئٹہ کے بے نظیر پارک میں صبح سویرے یوگا کی خصوصی کلاسز منعقد کرتے ہیں۔ ان کلاسز میں خاص و عام، بوڑھے اور جوان غرض ہر کوئی بنا کوئی معاوضہ دیے شریک ہوسکتا ہے۔
آسن اور لافٹر تھراپی
یوگا کلاسز میں جہاں بدن کو تندرست رکھنے کے لیے مختلف قسم کے آسن کیے جاتے ہیں، وہیں نفسیاتی دباؤ پر قابو پانے کے لیے سانس کی کثرت اور لافٹر تھراپی بھی کرائی جاتی ہے۔
حاجی بہادر بلوچ نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یوگا کا کورس انہوں نے سات سال قبل کراچی سے کیا تھا، جس کے بعد گزشتہ برس 14 اگست کو کوئٹہ میں یوگا کلاسز کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔
شرکا کی بڑھتی ہوئی تعداد
یوگا کی ان کلاسوں میں نوجوانوں کے ساتھ ساتھ بزرگ افراد کی بھی ایک بڑی تعداد شریک ہوتی ہے۔ اس وقت یوگا کلاس کے شرکا کی تعداد 100 سے زیادہ ہوچکی ہے۔
حاجی بہادر کے مطابق یوگا کرنے سے جہاں بدن میں چستی آتی ہے وہیں یہ شوگر اور بلڈ پریشر جیسی بیماریوں کو بھی قابو میں رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ یوگا انسانی نفسیات پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔
لوگوں کی صحت ہی معاوضہ ہے
حاجی بہادر بلوچ کہتے ہیں کہ لوگوں کو یوگا کرانے کے لیے کسی بھی قسم کا معاوضہ وصول نہیں کیا جاتا، ہمارا معاوضہ لوگوں کی صحت اور ان کی مسکراہٹ ہے، یہی ہمارے لیے سب سے بڑی فیس ہے۔
یوگا کے فوائد
تین ماہ سے یوگا کلاسز میں حصہ لینے والے امان اللہ ناصر نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دوست کے کہنے پر ابتدائی دنوں میں یوگا کلاسز میں شرکت کی لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ میرے جسم پر یوگا کے انتہائی مثبت اثرات مرتب ہونے لگے۔
یوگا کرنے سے جہاں بدن تندرست رہتا ہے وہیں یہ ذہن سے منفی اثرات کو دور بھگاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگا کرنے سے میری شوگر کی بیماری اب نہ ہونے کے برابر ہے۔