ڈھاکہ کے حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حکام نے 2 مسافروں سے تقریباً 3.8 کروڑ ٹکا مالیت کی غیر ملکی کرنسی ضبط کر لی، جو ایک بڑے اینٹی اسمگلنگ آپریشن کا حصہ تھی۔
یہ بھی پڑھیں:ڈھاکا ایئرپورٹ سے اسلحہ چوری، اندرونی عملے کے ملوث ہونے کا شبہ
کسٹمز انٹیلیجنس اور انویسٹیگیشن ڈائریکٹوریٹ کے حکام کے مطابق یہ کارروائی جمعہ کے روز ایک خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی، جس میں غیر اعلان شدہ غیر ملکی کرنسی کی غیر قانونی نقل و حمل کی خبر ملی تھی۔
پہلی ضبطی کارروائی میں رفیق الاسلام کے سامان سے 405,500 سعودی ریال، 24,000 یورو، 30,050 برطانوی پاؤنڈز اور 7,849 تھائی بھات برآمد ہوئے، جو فلائٹ BS-217 سے بینکاک جا رہے تھے۔ ضبط شدہ کرنسی کی مجموعی مالیت تقریباً 22.05 ملین ٹکا بنتی ہے۔
دوسری کارروائی میں علی امین مولا کے سامان سے 485,000 سعودی ریال اور 2,110 تھائی بھات برآمد ہوئے، جس کی مالیت تقریباً 15.98 ملین ٹکا ہے۔ دونوں مسافروں سے ضبط شدہ کرنسی کی کل مالیت 38.04 ملین ٹکا بنتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ڈھاکہ ایئرپورٹ میں ممکنہ تخریب کاری، حکومت نے تحقیقات کا حکم دے دیا
حکام نے بتایا کہ قانونی کارروائی جاری ہے اور دونوں افراد کے خلاف متعلقہ کسٹمز اور فارن ایکسچینج قوانین کے تحت مقدمات تیار کیے جا رہے ہیں۔ حکام نے ملک کے اہم بین الاقوامی دروازے پر رقم کی اسمگلنگ روکنے اور فارن ایکسچینج قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔













