معروف سابقہ نیوز اینکر اور رمضان ٹرانسمیشن کی میزبان رابعہ انعم نے سینئر اداکارہ صبا فیصل کے حالیہ متنازع بیانات پر تنقید کرتے ہوئے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
رابعہ انعم نے کہا کہ مارننگ شوز میں لوگ اکثر ایسے خیالات کا اظہار کرتے ہیں جو نہ صرف غیر منطقی ہیں بلکہ خواتین کے حقِ خودمختاری کے منافی بھی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ایک پروگرام میں صبا فیصل نے کہا کہ بہو کو سونے کے لیے اپنی ساس یا شادی شدہ نند سے اجازت لینی چاہیے، میں خود ایک بہو ہوں اور یہ کبھی نہیں ہوتا۔ ہر شخص کو اپنی زندگی اپنے انداز اور طریقے سے جینے کا حق حاصل ہے۔
رابعہ انعم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پروگرامز کے دوران ایسی باتیں کرنے میں محتاط رہنا چاہیے تاکہ ایسے متنازع اور قدامت پسند خیالات کو فروغ نہ ملے۔ انہوں نے کہا، یہ باتیں کس بنیاد پر کی جا رہی ہیں؟ ہم انڈین کلچر کیوں لا رہے ہیں؟ مارننگ شوز میں ایسی باتیں نہیں ہونی چاہئیں۔
واضح رہے کہ صبا فیصل کا شمار پاکستان کی مشہور اور سینئر اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ وہ اکثر ٹی وی پروگرامز میں شادی اور گھریلو معاملات سے متعلق گفتگو کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’بہو کو کنٹرول کیسے کیا جائے؟‘، صبا فیصل کے مشوروں پر فضا علی اور مامیا شاہ جعفر کی سخت تنقید
حال ہی میں انہوں نے نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں نئی دلہن کے حوالے سے کہا کہ اگر نئی دلہن کو آرام کی ضرورت ہو تو اسے ساس یا شادی شدہ نند سے اجازت لینی چاہیے۔ اداکارہ کی اس گفتگو کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔













