مانسہرہ کی تحصیل بالاکوٹ میں سوموار کی شام معروف مجذوب سوشل میڈیا اسٹار جاوید مہانڈری پولیس اہلکار کی فائرنگ سے قتل ہوگئے۔ مقتول بالاکوٹ حصہ کھوئی کے مقام پر دوستوں کے ہمراہ افطاری کرنے گیا ہوا تھا جہاں افطاری سے قبل شاہد نامی پولیس اہلکار نے مقتول کے پیٹ پر پستول رکھ کر گولی مار دی۔
مقامی لوگوں کے مطابق مقتول کی نعش کافی دیر تک جائے وقوعہ پر پڑی رہی مگر پولیس مقامی افراد کے متعدد بار کالز کرنے کے باوجود نعش اٹھانے نہیں گئی۔ بعد ازاں بالاکوٹ کے لوگ جب بڑی تعداد میں جمع ہوئے تو انہوں نے شہرائے کاغان کو احتجاجاً بند کیا اور بعد ازاں تھانہ بالاکوٹ کو آگ لگا دی۔
مشہور ٹک ٹاک جاوید مہانڈری والے کو پولیس اہلکار کے ہاتھوں گولی کیسے لگی
آپسی یاروں کی افطار پارٹی کے موقع پر سول کپڑوں میں افطار پارٹی کرنے گئے پولیس اہلکار ساتھ ٹک ٹاک بناتے ہوئے گولی چل گئی جسکی وجہ سے مشہور ٹک ٹاکر جاوید مہانڈری والا شدید زخمی ہو کر گر پڑا بعد ازاں https://t.co/QZaiIsqaXi pic.twitter.com/ZMrRQR3rv8— Jamshaid swati (@jamshaidswati) March 2, 2026
واقعہ کے بعد مقامی لوگوں کا غصہ کم کرنے کیلئے مانسہرہ سے ممبر قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف، اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی اور بالاکوٹ سے ممبر صوبائی اسمبلی منیر لغمانی نے اپنے اپنے سوشل میڈیا بیان میں شہریوں کو پرامن رہنے کی اپیل کی اور جاوید کے قاتل کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
یہ بھی پڑھیں: کوہاٹ میں ینگ ڈاکٹر کا قتل: ’خاتون ڈاکٹر نے خواتین وارڈ میں داخلے سے منع کیا جو اس کا قصور بنا‘
مقتول جاوید اپنے منفرد انداز اور مزاحیہ ویڈیوز کے باعث سوشل میڈیا پر خاصی مقبولیت رکھتے تھے۔ مقامی شہریوں کے مطابق جاوید ایک سادہ لوح اور بے ضرر انسان تھے جو لوگوں کو اپنی پیاری باتوں سے ہنساتے تھے۔
یاد رہے یہ مانسہرہ میں ایک ہی ماہ میں تیسرا واقعہ ہے۔ 22 فروری کو شاہ مقصود انٹرچینج پر مانسہرہ کا 22 سالہ نوجوان عمر خان موٹر وے پولیس کی سٹریٹ فائرنگ سے قتل ہوئے۔ جبکہ کچھ دن قبل مانسہرہ پڑھنہ میں ایس ایچ او حمزہ خان کی فائرنگ سے ارشد عباس نامی نوجوان قتل ہوئے۔














