آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے دوران مشرقِ وسطیٰ میں پیدا ہونے والی حالیہ کشیدہ صورتحال کے باعث ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیمیں بھارت میں ہی رکنے پر مجبور ہوگئی ہیں۔
دونوں ٹیمیں اتوار کو سپر 8 مرحلے کے اختتام پر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی تھیں اور انہیں متحدہ عرب امارات کے راستے اپنے اپنے ممالک واپس جانا تھا۔ تاہم ایران کی جانب سے ہفتے کے روز امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے جواب میں خلیجی خطے کی جانب میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد دبئی اور ابوظہبی کے مصروف ہوائی اڈوں پر ہزاروں پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ میں ایک اور شکست، ’کاش ہم انڈیا کے خلاف بائیکاٹ والے فیصلے پر قائم رہتے‘
پروازوں کی منسوخی کے باعث دونوں ٹیمیں اب تک بھارت سے روانہ نہیں ہوسکی ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ کم از کم کوئی اپڈیٹ ہی دے دیں، ہمیں کچھ تو بتائیں آج، کل یا اگلے ہفتے کے بارے میں۔ پانچ دن گزر چکے ہیں۔
At least an update, tell us something. Today tmw, next week. It’s been 5 days
— Daren Sammy (@darensammy88) March 5, 2026
دوسری جانب زمبابوے کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تمام کھلاڑی بھارت میں محفوظ اور خیریت سے ہیں۔ بورڈ کے مطابق اسکواڈ کو دبئی کے راستے وطن واپس آنا تھا تاہم مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال کے باعث سفری منصوبے متاثر ہوئے ہیں اور اہم ٹرانزٹ روٹس بھی عارضی طور پر بند ہوگئے ہیں۔













