قومی ہاکی ٹیم نے مصر میں جاری ورلڈ کپ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جاپان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے، جبکہ گول کیپر علی رضا کی شاندار کارکردگی کامیابی میں فیصلہ کن ثابت ہوئی۔
مصر میں کھیلے گئے ورلڈ کپ ہاکی کوالیفائر کے سیمی فائنل میں پاکستان اور جاپان کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ میچ کے آخری لمحات انتہائی سنسنی خیز رہے اور اختتام سے چار منٹ قبل جاپان کو پنالٹی اسٹروک ملا، تاہم پاکستانی گول کیپر علی رضا نے شاندار سیو کرتے ہوئے گول روک دیا جس کے بعد قومی ٹیم نے نہ صرف فائنل میں جگہ بنالی بلکہ ورلڈ کپ کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا۔
BREAKING: Pakistan qualifies for the Hockey World Cup beating Japan 4-3 in the semi final of FIH Hockey World Cup qualifiers. pic.twitter.com/lzjK1LFka2
— Faizan Lakhani (@faizanlakhani) March 6, 2026
پاکستان کی جانب سے سفیان خان، ابو محمد، محمد عماد اور افراز نے گول اسکور کیے۔ واضح رہے کہ ہاکی ورلڈ کپ 14 اگست سے بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں شروع ہوگا۔
قومی ہاکی ٹیم پچھلے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی تھی جبکہ پاکستان آخری مرتبہ 2018 کے ورلڈ کپ میں شریک ہوا تھا، اس طرح آٹھ برس بعد ٹیم کی عالمی ایونٹ میں واپسی ممکن ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل کی بحالی کے لیے نئی ایڈہاک کمیٹی تشکیل دیدی
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر قومی ہاکی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور یہ کامیابی ٹیم ورک اور محنت کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کپتان عماد شکیل بٹ سمیت تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی قابل تعریف ہے اور امید ہے کہ قومی ٹیم فائنل بھی جیت کر قوم کو مزید خوشی دے گی۔












