راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے) نے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو تاحال تنخواہیں اور بقایاجات ادا نہ کرنے والے میڈیا اداروں کی مکمل تفصیلات وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑکو فراہم کردیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے صحافیوں کو عید سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی کی یقین دہانی کروادی
یونین کے صدر آصف بشیر چوہدری نے ایک خط کے ذریعے وزارتِ اطلاعات و نشریات کی توجہ میڈیا اداروں میں کام کرنے والے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی واجب الادا تنخواہوں اور بقایاجات کے سنگین مسئلے کی جانب مبذول کرائی ہے۔
واضح رہے کہ کچھ اداروں میں ملازمین کو 3،3 ماہ سے تنخواہیں نہیں ملی ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ عیدالفطر کی آمد قریب ہے مگر متعدد میڈیا اداروں کے ملازمین کو اب تک تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں جس کے باعث صحافی اور ان کے اہلخانہ شدید مالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں یہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔
راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس نے وزارتِ اطلاعات و نشریات سے اپیل کی ہے کہ فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عیدالفطر سے قبل تمام واجبات اور تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جا سکے۔
یونین کے مطابق حکومتی مداخلت میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ اور ان کی معاشی مشکلات کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
مزید پڑھیے: ’وی نیوز ڈیجیٹل میڈیا میں ایک معتبر اضافہ ہے‘ سینیئر صحافیوں کے وی نیوز کی تیسری سالگرہ پر پیغامات
آر آئی یو جے نے امید ظاہر کی کہ وزارتِ اطلاعات اس مسئلے کے حل کے لیے فوری اقدامات کرے گی تاکہ عوامی مفاد میں خدمات انجام دینے والے صحافیوں کو بروقت ریلیف مل سکے۔














