وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے حکومتی کفایت شعاری مہم کی نگرانی کے لیے انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کو ذمہ داری سونپ دی۔
مزید پڑھیں: کفایت شعاری مہم کا دائرہ وسیع، وزیراعظم نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کی منظوری دیدی
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آئی بی وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور خودمختار اداروں میں کفایت شعاری کے اقدامات پر عملدرآمد کی نگرانی کرے گی۔
اس کے ساتھ ہی قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکریٹریٹ میں بھی اسی مہم کی مانیٹرنگ کا کام آئی بی کو سونپا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ آئی بی ہر ہفتے وزیراعظم اور متعلقہ کمیٹی کو حکومتی کفایت شعاری مہم پر پیش رفت کی رپورٹ پیش کرے گی۔
وزیرِاعظم نے اس موقع پر قومی سطح پر مہم پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
اس سے قبل عوامی ریلیف کے اقدامات کے جائزہ اجلاس میں وزیرِاعظم نے کہا کہ معاشی استحکام اور عوامی فائدہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بروقت حکومتی اقدامات کے باعث ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مناسب فراہمی یقینی بنائی گئی ہے اور کفایت شعاری کے اقدامات مکمل طور پر نافذ کیے جا چکے ہیں، جبکہ اس پر مزید کام جاری ہے۔
مزید پڑھیں: کفایت شعاری اور عالمی یکجہتی: یومِ پاکستان کے جشن میں سادگی اختیار کرنے کا اعلان
واضح رہے کہ حکومت نے مشرق وسطیٰ میں پیدا شدہ صورت حال کے باعث پیٹرولیم بحران سے بچنے کے لیے کفایت شعاری اقدامات کی منظوری دی ہے، جن پر عملدرآمد جاری ہے۔













