شمالی بنگلہ دیش میں انٹر سٹی نیل ساگر ایکسپریس ٹرین کی 9 بوگیاں پٹری سے اترنے کے نتیجے میں 100 سے زائد مسافر زخمی ہوگئے جبکہ ڈھاکا اور شمالی علاقوں کے درمیان ریلوے رابطہ معطل ہوگیا۔
ریلوے پولیس کے مطابق حادثہ دوپہر 2:40 بجے ضلع بوگورا کے علاقے سنتاہار کے قریب اس وقت پیش آیا جب ڈھاکا سے چلہاٹی جانے والی ٹرین مقررہ اسٹاپ کے بعد سنتاہار ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہوئی تھی۔
سنتاہار ریلوے پولیس کے سب انسپکٹر محفوظ الرحمان نے بتایا کہ اسٹیشن سے روانگی کے کچھ ہی دیر بعد کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر وہ مسافر شامل ہیں جو ٹرین کی چھت پر سفر کررہے تھے اور حادثے کے دوران گرنے سے زخمی ہوئے۔
Around 9 coaches of the Nilsagar Express derailed today (18 March) near Tilakpur station between Santahar in Bogura and Akkelpur in Joypurhat, disrupting train services on key northern routes#Bogra #bangladeshrailway #centristnation pic.twitter.com/wWrhFDlUHR
— Centrist Nation TV (@centristnattv) March 18, 2026
پولیس حکام کے مطابق تازہ اطلاعات تک کسی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوئی جبکہ زخمیوں کو امداد فراہم کرنے اور بوگیوں کو ہٹانے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ریلوے حکام نے بتایا کہ واقعے کے بعد ڈھاکا اور شمالی اضلاع کے درمیان ٹرین سروس عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔ ریلوے لائن بحال کرنے کے لیے ایشوردی جنکشن سے امدادی ٹرین روانہ کر دی گئی ہے۔ پاکشی ریلوے ضلع کے سپرنٹنڈنٹ پولیس مہدی حسن کے مطابق جلد ٹریک بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔














