اسلام آباد کے شہریوں کو عیدالفطر کے موقع پر فائیو جی (5G) سروس کا تحفہ ملنے کا امکان ہے جہاں ابتدائی طور پر چند علاقوں میں تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کیے جانے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مارچ میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی، انٹرنیٹ اسپیڈ میں 25 فیصد اضافے کا امکان: پی ٹی اے
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ٹیلی کام کمپنیوں کو 5 G لائسنس جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کی تصدیق پی ٹی اے حکام نے کی ہے۔ حکام کے مطابق لائسنس کا باضابطہ اجرا کل متوقع ہے۔
انتظامات مکمل
پی ٹی اے کے مطابق 5 G لائسنس کے اجرا سے متعلق تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور تینوں بڑی ٹیلی کام کمپنیوں کو ایک ساتھ لائسنس جاری کیے جائیں گے۔
عید پر سروس کا آغاز ممکن
حکام کا کہنا ہے کہ اگر لائسنس بروقت جاری ہو گئے تو کمپنیاں عیدالفطر کے موقع پر محدود پیمانے پر 5G سروس کا آغاز کر سکتی ہیں، جس سے صارفین کو تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولت میسر آئے گی۔
مالی اور تکنیکی شرائط
5 G اسپیکٹرم حاصل کرنے والی ہر کمپنی کو 15 ملین ڈالر کی بینک گارنٹی جمع کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ کمپنیوں نے اس شرط کو پورا کرنے کے لیے گارنٹیز جمع کرا دی ہیں۔
مزید پڑھیے: 2025 پاکستان کے ڈیجیٹل سفر میں فیصلہ کن سال ثابت ہوا، شزا فاطمہ
لائسنس شرائط کے مطابق ہر کمپنی ایک ہزار نئی ٹیلی کام سائٹس قائم کرے گی، جن میں سے 200 سائٹس دور دراز اور کم کوریج والے علاقوں میں لگانا لازمی ہوگا۔
اسپیکٹرم نیلامی کی تفصیلات
پی ٹی اے حال ہی میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی مکمل کر چکا ہے، جس میں 597 میگا ہرٹز میں سے 480 میگا ہرٹز اسپیکٹرم فروخت کیا گیا۔ اس نیلامی سے حکومت کو تقریباً 510 ملین ڈالر کا ریونیو حاصل ہونے کی توقع ہے۔
تقریب کا انعقاد
5 G لائسنس کے اجرا کی تقریب میں اہم حکومتی شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے جہاں اس اہم پیش رفت کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔














