کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ بارش نے شہر کے معمولات متاثر کر دیے، اور آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جبکہ مختلف حادثات میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، سرجانی، ایف بی ایریا، صدر اور کلفٹن سمیت کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلیں۔ کینٹ، ریلوے کالونی، دہلی کالونی، گلشن اقبال، گلشن جمال اور گارڈن میں بھی شدید ہواؤں کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔
موسلا دھار بارش اور آندھی کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ معین آباد عالمگیر سوسائٹی، شادمان ٹاؤن 14 اے، گلشن اقبال کے مختلف علاقے، ڈیفنس فیز ٹو اور ون، اختر کالونی، کشمیر کالونی اور نارتھ کراچی میں بھی بجلی بند رہی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شارع فیصل پر ہوا کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ، جبکہ ماڑی پور میں 97 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ شدید ہواؤں کی وجہ سے متعدد درخت بھی گر گئے، جن میں کلفٹن ڈرائیونگ لائسنس برانچ کے قریب ایک درخت کے نیچے دو افراد پھنس گئے، جنہیں نکالنے کی کوشش جاری ہے۔ محمد علی سوسائٹی میں ٹیپو سلطان روڈ پر بل بورڈ بھی گر گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق بلدیہ ٹاؤن میں دیوار گرنے سے پانچ افراد زخمی ہوئے، جبکہ قائد آباد مجید کالونی میں گھر کی دیوار گرنے سے تین افراد زخمی ہوئے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش تو رک گئی ہے لیکن گرج چمک کا سلسلہ جاری ہے۔ رات میں مزید بارش کا امکان کم ہے، تاہم کل دوپہر کے بعد دوبارہ تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور چند جگہ ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ عید کے پہلے دن ہلکی بارش کا امکان ہے، جبکہ 24 سے 27 مارچ کے دوران مغربی ہواؤں کے سبب سندھ اور کراچی میں بارش کے آثار ہیں۔














