مغربی میڈیا کے غیر منطقی تبصروں پر قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں: ریاض پیرزادہ

جمعہ 2 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ریاض حسین پیرزادہ نے پاکستان میں 9 مئی کے واقعات پرمغربی میڈیا کی رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی و فوجی تنصیبات پر حملہ آوروں کی گرفتاری انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں۔ مغربی میڈیا کے غیر منطقی تبصروں پر قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

ہفتہ کے روز جاری اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر کہا کہنا تھا کہ مغربی میڈیا کا 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کی گرفتاریوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دینا بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے ہر مہذب ملک کی طرح پاکستان میں بھی ان لوگوں کے خلاف کاررائیاں کی گئیں جو 9 مئی ملک کی قومی و عسکری تنصیبات پر حملہ آور ہوئے اور ملک کے قوانین کو چیلنج کیا۔ ان سب لوگوں کو ملک کے آئین و قانون کے تحت گرفتار کیا گیا، جو کسی بھی طور پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے زمرے میں نہیں آتا، اس لیے ان گرفتاریوں کو مغربی میڈیا کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں قرار دینا بے بنیاد اور اصل حقائق کے بر عکس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد جو بھی صورت حال پیدا ہوئی یہ ہماری قومی سلامتی کا مسئلہ ہے۔ دُنیا جانتی ہے کہ9  مئی کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے حمایت یافتہ لوگوں نے قومی ونجی املاک، حساس فوجی تنصیبات پر حملے کر کے انہیں نقصان پہنچایا۔

ریاض حسین پیرزادہ کا مزید کہنا تھا کہ 9 مئی کو بقول ان کے شرپسندوں نے مریضوں کو اتار کر ایمبولینسز کو آگ لگائی سکول اور اسپتال جلائے، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی، جناح ہاؤس، ریڈیو پاکستان اور ملک کے دیگر نادر تاریخی ورثہ کی توڑپھوڑ کی اور اس کا جلاؤ گھیراؤ کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جرائم میں ملوث تمام افراد ملک کے قانون کے مطابق زیر تفتیش ہیں اور ملک کے قوانین کے مطابق ہی سزا بھی پائیں گے۔ پاکستان ہی نہیں دنیا کے ہر ملک میں یہ جرم ناقابل معافی ہوتا ہے یہ بالکل اسی طرح ہے جس طرح کیپیٹل ہل امریکہ اور لندن فسادات میں حملہ آوروں کو سزائیں ملیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ امریکہ اور لندن میں فسادیوں اور حملہ آوروں کو دی گئی سزاؤں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی کیوں نہیں کہاگیا۔

انہوں نے مغربی میڈیا کو خبردار کیا کہ پاکستان اور متعلقہ وزارت کا مؤقف جانے بغیر منظم مہم کے تحت مغربی میڈیا میں آنے والی خبریں، مضامین اور تجزیے غیر پیشہ وارانہ، یک طرفہ، حقائق کے برعکس اور متعصبانہ ہیں، جن پرپاکستان قانونی چارہ جوئی کا اپنا حق محفوظ رکھتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp