بھارتی ریاست اڑیسہ میں خوفناک ٹرین حادثہ، 300 افراد ہلاک، 900 زخمی

جمعہ 2 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کی مشرقی ریاست اڑیسہ میں دو مسافر ٹرینوں کے آپس میں ٹکرانے سے کم ازکم 300 افراد ہلاک اور 900 زخمی ہو گئے۔

ریلوے حکام نے بتایا ہے کہ جمعہ کو کولکتہ سے چنئی جانے والی ’کورومنڈیل ایکسپریس‘ ایک اور مسافر ٹرین ’ہاوڑہ سپرفاسٹ ایکسپریس‘ سے ٹکرا گئی۔

ساؤتھ ایسٹرن ریلوے حکام نے ایک بیان میں کہا کہ ’ہاوڑہ سپر فاسٹ ایکسپریس‘ پٹری سے اتر گئی اور ’کورومنڈیل ایکسپریس‘ کے ساتھ جا ٹکرائی۔ میڈیا رپورٹس میں پہلے کہا گیا تھا کہ حادثہ ’کورومنڈیل ایکسپریس‘ اور ’مال ٹرین‘ کے درمیان ہوا۔

ریل حادثے میں مرنے والوں کی سرکاری سطح پر تصدیق نہ ہوسکی

ریاست اڑیسہ کے بالاسور ضلع میں پیش آنے والی اس خوفناک ریل حادثے میں  مرنے والوں کی تعداد کے بارے میں ابھی تک کوئی سرکاری تصدیق نہیں ہو سکی ہے تاہم مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق کم از کم 300 افراد اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔ اوڑیسہ کے چیف سیکرٹری پردیپ جینا نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ اب تک 900 سے زیادہ زخمی مسافروں کو مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔

ادھر ریاست اڑیسہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک نے کہا ہے کہ حکام کی ترجیح حادثے میں زندہ بچ جانے والے زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کرنا ہے، یہ ہماری پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔

متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کی جارہی ہے: نریندرا مودی

ادھر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور متاثرہ افراد کو ‘ہر ممکن مدد’ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثے پر وہ گہرے دکھ اور افسوس میں ہیں، اوڑیسہ ٹرین حادثہ انتہائی پریشان کن ہے۔  دکھ کی اس گھڑی میں میری ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

ریلوے کے وفاقی وزیراشونی ویشنو نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اڑیسہ کے بھونیشور اور مغربی بنگال کے کولکتہ ریلوے اسٹیشن سے ریسکیو ٹیموں کو جائے حادثہ پر بھیج دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹرریسپانس فورس، ریاستی حکومت کی ٹیمیں اور فضائیہ بھی اس واقعہ میں امدادی کاموں میں مدد دینے کے لیے متحرک ہوگئی ہیں۔

جاں بحق افراد کے لیے مالی امداد کا اعلان

ادھر مرکزی وزیرریل اشونی ویشنو نے بھی حادثے پرشدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے ہلاک ہونے والے افراد کے خاندانوں کے لیے 10 لاکھ روپے معاوضہ کا اعلان کیا ہے۔ ساتھ ہی سنگین طور سے زخمی ہونے والے مسافروں کے لیے 2 لاکھ روپے اور معمولی طور سے زخمی مسافروں کے لیے 50 ہزار روپے معاوضہ کا اعلان کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp