سی آئی اے کے سربراہ ولیم برنز کے خفیہ دورہ چین کا انکشاف

ہفتہ 3 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چین اور امریکا کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز نے گزشتہ ماہ چینی ہم منصب کے ساتھ بات چیت کے لیے چین کا خفیہ دورہ کیا۔

عرب ٹیلی ویژن چینل ’الجزیرہ‘ کے مطابق ولیم برنز کے مئی میں دورہ چین کی خبر سب سے پہلے برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے دی، اخبار نے لکھا ہے کہ سی آئی اے چیف کا دورہ، دونوں ملکوں کے درمیان جاری کشیدگی کو کم  کرنے اور باہمی رابطے بڑھانے کے لیے کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق سی آئی اے ڈائریکٹر نے چین کے انٹیلیجنس حکام سے ملاقات کی تھی۔ اس دورے میں سی آئی اے سربراہ نے واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان انٹیلیجنس رابطے کھلے رکھنے کی اہمیت پر زور دیا تھا۔

امریکی میڈیا کے مطابق بائیڈن انتظامیہ چین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو از سرنو ترتیب دینا چاہتی ہے، اس دوران سی آئی اے چیف ولیم برنز کا چین کا دورہ کرنا انتہائی اہم ہے۔

رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک میں تائیوان کے معاملے پر تناؤ ہے جبکہ فروری میں امریکی فضائیہ نے جاسوسی کے الزام میں چین کا ایک غبارہ بھی گرا دیا تھا، چین کا موقف تھا کہ غبارہ موسمی صورتحال کے جائزے کے لیے بھیجا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ولیم برنز ایک تجربہ کار سفارت کار رہ چکے ہیں، انہوں نے ایجنسی کے سربراہ کی حیثیت سے درجنوں حساس بیرون ملک دورے کیے ہیں، جن میں روسی ہم منصبوں کے ساتھ ساتھ افغانستان میں طالبان کے ساتھ بات چیت بھی شامل ہے۔

یاد رہے کہ بیجنگ نے حال ہی میں امریکی سیکریٹری دفاع سے ملاقات کے لیے انکار کیا تھا لیکن آج سنگاپور میں جاری شنگری-لا کانفرنس میں چین کے وزیر دفاع اور امریکی ہم منصب کی غیر رسمی ملاقات بھی ہوئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp