مچھلیوں کی نسل کشی کرنے والے بھی دہشت گرد ہیں، مولانا ہدایت الرحمان

اتوار 4 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حق دو تحریک کے سربراہ اور جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکریٹری مولانا ہدایت الرحمان نے کہا ہے کہ مچھلیوں کی نسل کشی کرنے والے بھی دہشت گرد ہیں، گوادر میں سانپ کے کاٹنے پر لگایا جانے والا ایک انجیکشن دستیاب نہیں، اسمبلی میں بیٹھے لوگ صوبے کو لوٹنے میں مصروف ہیں، یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ قدوس بزنجو کے آنے سے دودھ اور شہد کی نہریں بہنے لگی ہیں۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حقوق کے لیے جدوجہد کی دھرنے دیے، حق دو تحریک پر امن اور جمہوری تحریک ہے، ہمارے تمام مطالبات ملکی آئین کے تحت ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان قدوس بزنجو نے وعدہ کیا تھا ایک ماہ میں مطالبات پورے ہوں گے اب عملدرآمد کے بجائے مخالفت شروع کر دی ہے۔ قوم پرست جماعت نے وفاقی و صوبائی حکومت کو مجبور کیا کہ وہ مطالبات پورے نہ کرے۔

مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ 27 اکتوبر کو مجبوراً دوبارہ دھرنا دیا تھا، رات کے اندھیرے میں شرکاء پر چڑھائی کر دی گئی، اگر ناراض بلوچوں سے مذاکرات کیے جا سکتے تو ریاست کو ماننے والوں سے کیوں نہیں کیے جا سکتے۔ ہم نے ہزاروں مایوس نوجوانوں کو جمہوری جدوجہد کا راستہ دکھایا ہے۔

حق دو تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا پی ڈی ایم حکومت آنے کے بعد ٹرالنگ میں مزید اضافہ ہوا اور مسائل مزید بڑھے ہیں، وفاق سے کہتا ہوں کہ ٹرالنگ اور منشیات کے خاتمے سمیت تمام مطالبات پورے کیے جائیں، بلوچستان میں زندہ لاش کی حکومت ہے، منشیات کے خلاف آپریشن وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونا چاہیے۔ اسٹیبلشمنٹ، بی این پی اور جے یو آئی نے بلوچستان پر بڑا ظلم کیا ہے۔

مولانا ہدایت الرحمان نے مزید کہا کہ ساڑھے 4 ماہ قید کاٹی اس کے باوجود ایک قدم پیچھے نہیں ہٹیں گے، چند روز میں گوادر میں دوبارہ سرگرمیاں شروع کریں گے، ملک کی عدلیہ پر اعتماد نہیں، چہرے، پارٹی اور اسٹیٹس دیکھ کر فیصلے دیے جاتے ہیں، جو ساس، داماد، بیٹے اور بھتیجی کے کہنے پر فیصلے دیں ان سے انصاف کی کیا امید رکھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp