انصاف کا جھنڈا میرے ہاتھ میں ہے، شاہ محمود قریشی کی جیل سے رہائی کے بعد گفتگو

منگل 6 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ جیل حکام نے بتایا ہے کہ شاہ محمود کو عدالتی احکامات پر رہا کیا گیا۔

رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کل چیئرمین تحریک انصاف سے ملاقات کروں گا، کارکنوں سے کہتا ہوں انصاف کا جھنڈا میرے ہاتھ میں ہے۔

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ قید تنہائی میں بھی میرا حوصلہ برقرار رہا۔ مجھے تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کرنے کا کوئی جواز بنتا ہی نہیں تھا۔

وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں اپنی لیگل ٹیم کا بھی شکر گزار ہوں کہ جن کی کوشش کی وجہ سے مجھے رہائی ملی۔

شاہ محمود نے کہا کہ میں عمران خان سے ملاقات کر کے ان سے رہنمائی حاصل کروں گا۔

یہ بھی پڑھیں شاہ محمود اور مسرت جمشید چیمہ رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار، وائس چیئرمین کی پارٹی چھوڑنے کی خبروں کی تردید

انہوں نے اس موقع پر میں اپنی اہلیہ کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کیوں کہ جب عمران خان گرفتار ہوئے تو وہ اسپتال میں زیر علاج تھیں اور مجھے کہا کہ آپ بے شک جائیں کیوں کہ آپ کی ذمہ داریاں ہیں۔

شاہ محمود نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان ہمت نہ ہاریں کیوں کہ مشکل وقت گزر جائے گا۔ آپ غروب کے بعد طلوع کا انتظار کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ جیلوں میں قید ہمارے بہت سے کارکنان بلکل بے گناہ ہیں ان کو رہا ہونا چاہیے اور اس کے لیے میں اپنا کردار ادا کروں گا۔

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے آج صبح ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے تھری ایم پی او کے احکامات معطل کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو فوری رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں رہائی کے لیے تحریری یقین دہانی سے شاہ محمود قریشی کا انکار

قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں کیس کی سماعت ہوئی تو شاہ محمود قریشی کے وکیل تیمور ملک اور ان کی بیٹی گوہر بانو قریشی پیش ہوئے جب کہ سرکار کی طرف سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل عابد عزیز راجوری نے پیروی کی۔

عدالت نے ڈی سی راولپنڈی کے تھری ایم پی او کے آرڈرز کالعدم قرار دے دیے تھے اور شاہ محمود قریشی کو کسی قسم کا شورٹی بانڈ جمع کرانے کی ہدایت نہیں کی تھی۔ عدالت نے حکم دیا تھا کہ انہیں کسی اور ایم پی او آرڈر کے تحت گرفتار نہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی کو 9 مئی کے بعد تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا تھا اور ان کی اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر 23 مئی کو رہائی عمل میں آئی تھی لیکن اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد انہیں ایک بار پھر پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp