دبئی میں ایماندار پاکستانی نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا

منگل 6 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دبئی میں ایک پاکستانی شہری نے ایمانداری کا مظاہرہ کرکے نہ صرف قوم کا سر فخر سے بلند کیا بلکہ اس کے عمل سے مقامی پولیس بھی متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکی اور اسے اعزاز سے نوازا۔

خلیج ٹائمز کے مطابق ایک لیموزین رینٹل کمپنی  کے لیے کام کرنے والے ایک پاکستانی ڈرائیور محمد سفیان ریاض آرائیں کو ان کی ٹیکسی میں ایک لفافہ ملا جو ان کا ایک مسافر بھول کر گاڑی سے اتر گیا تھا۔ محمد سفیان نے جب اس لفافے کو کھول کر دیکھا تو اس میں 1 لاکھ 1 ہزار درہم کی خطیر رقم موجود تھی۔

محمد سفیان فوری طور پر وہ رقم لے کر پولیس اسٹیشن پہنچ گیا تاکہ پولیس کی مدد سے وہ رقم حقدار تک پہنچ جائے۔

پاکستانی ڈرائیور کی اس ایمانداری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے دبئی پولیس نے انہیں البرشا پولیس سینٹر ایک تقریب میں مدعو کیا اور انہیں ان کے کارنامے پر اعزاز سے نوازا۔

سفیان نے دبئی پولیس کی جانب سے دیے گئے اعزاز پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فرض شناسی کے تحت اور اس رقم کے اصل مالک تک اس کا حق پہنچانے کی خاطر پولیس کو وہ امانت پہنچائی۔

تقریب میں اعلیٰ پولیس حکام نے شرکت کی جن میں البرشا پولیس سینٹر کے ڈائریکٹر میجر جنرل ماجد سلطان السویدی بھی شامل تھے جنہوں نے فرض شناس پاکستانی کی دیانتداری کو معاشرے کی عظیم اقدار کی روشن مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ سفیان ریاض کی ایمانداری کا اعتراف دبئی پولیس کے اس عزم کا حصہ ہے جو وہ عوام کی مثبت شراکت کی حوصلہ افزائی کے لیے کرتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp