بابر اعظم اور رضوان کی جوڑی کی کامیاب پارٹنرشپ جاری

بدھ 7 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بابر اعظم  اور محمد رضوان کرکٹ کی دنیا کے افق کے ایسے ستارے ہیں جو آئے اور ایسے چھائے کہ پوری دنیا کی نظریں ان دونوں پر مرکوز ہوگئیں، دنیا میں ان کے دیوانوں کی تعداد سینکڑوں سے نہیں لاکھوں اور لاکھوں سے پھر کروڑوں تک پہنچ رہی ہے۔

کرکٹ کی دنیا میں محمد رضوان اور بابر اعظم نے کئی ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ محمد رضوان اور بابراعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ مجموعی رنز بنانے والی جوڑی بن چکی ہے۔ دونوں اب تک بطور اوپننگ جوڑی ٹی 20 انٹرنیشنلز میں 2509 رنز بنا چکے ہیں۔

بابر اعظم نے پاکستان کے لیے اب تک 47 ٹیسٹ میچوں میں 48.65 کی اوسط سے 3696 رنز بنائے ہیں جن میں 9 سنچریاں جبکہ 26 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

بابر اعظم اب تک 100 ایک روزہ میچوں میں پاکستان کے لیے 59.17 کی اوسط سے 18 سنچریوں اور 26 نصف سنچریوں کی مدد سے 5702 رنز بنا چکے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشل میچوں کی 98 اننگز میں بابر اعظم 41.48 کی اوسط سے 3485 رنز بنا چکے ہیں۔

محمد رضوان بھی اب تک بابر اعظم کے ہم پلہ مانے جاتے ہیں اور کپتان کے ساتھ ساتھ اپنی پارٹنر شپ کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

ٹٰیسٹ میچوں میں محمد رضوان 27 میچوں کی 43 اننگز میں اب تک 38.13 کی اوسط سے 1373 رنز بنا چکے ہیں۔

ون ڈے انٹر نیشنل میچوں میں انہوں نے 57 میچوں کی 52 اننگز میں 2 سنچریوں اور 2 نصف سنچریوں کے ساتھ 34.34کی اوسط سے 1408 رنز بنا لیے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشل میچوں کی 98 اننگز میں محمد رضوان 49.07 کی اوسط سے 2797 رنز بنا چکے ہیں جن میں ایک سنچری کے ساتھ 25 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

بابر اعظم اور محمد رضوان  کرکٹ کے میدانوں میں شراکت داری کے ساتھ نجی زندگی میں بھی کامیابی سے اپنی شراکت داری کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ جہاں آپ بابراعظم کا نام لیں گے تو وہاں محمد رضوان کا نام بھی آپ کی زبان سے خود ساختہ جاری ہو گا۔

نجی زندگی میں بھی دونوں ساتھ ساتھ نظر آتے ہیں اور نجی زندگی کی کامیابیوں کو سوشل میڈیا پر شیئر کر کے دنیا بھر سے پیار اورمحبتیں سمیٹ رہےہیں۔

حال ہی میں بابر اعظم اور محمد رضوان کی ہارورڈ یونیورسٹی بزنس اسکول سے بزنس آف انٹرٹینمنٹ کورس کرنے کی خبر سامنے آئی تو پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر کی نظریں ان دونوں پر ایک بار پھر مرکوز ہو گئیں۔

بابر اعظم نے امریکی یونیورسٹی میں پہنچتے ہی اپنی اور رضوان کی کچھ نوٹس  پڑھتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی اور ساتھ لکھا، یہ کیا ہو رہا ہے؟

دونوں بلے بازوں نے ہارورڈ کے ایگزیکٹیو ایجوکیشن پروگرام میں بزنس آف انٹرٹینمنٹ، میڈیا اور اسپورٹس میں داخلہ لیا ہے۔ وہ اس  معروف ادارے میں شامل ہونے والے پہلے پاکستانی کرکٹرز بن گئے ہیں۔

یہ کورس کرتے ہی دونوں کھلاڑی  ان اعلیٰ درجے کے کھلاڑیوں کی طویل فہرست میں شامل ہو گئے، جنہوں نے پہلے یہ کورس کیا ہے۔

اس فہرست میں  کاکا، ایڈون وین ڈیر سار، جیرارڈ پیک، اولیور کاہن، ڈرک نووٹزکی، کرس پال اور پال گیسول جیسے مشہور فٹبالر شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بابر اعظم اور بلے باز محمد رضوان نے ہارورڈ پروگرام میں شرکت سے قبل سامعین سے اردو زبان میں خطاب کیا، ان کے اس اقدام کو بھرپور سراہا گیا۔ اپنے خطاب میں بابر اعظم نے کہا کہ وہ ہارورڈ پروگرام کے لیے بہت پرجوش تھے، پروگرام کے دوران انہوں نے جونیئر اور سینئر ساتھیوں سے بہت کچھ سیکھا، سیکھنے کا عمل کبھی ختم نہیں ہوتا۔

بابر نے مزید کہا کہ لوگوں کو خود پر بھروسہ کرنا چاہیے اور منزل کے لیے درست سمت کا تعین کریں۔ آج کل نوجوان نسل کسی اور ہی طرف چل نکلی ہے، اپنے بڑوں کی نصیحتوں کو دھیان سے سننا اور اس پر غوروفکر کرنا چاہیے۔

بابراعظم نے اپنے ٹوئٹر اور انسٹا گرام پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں ان کے ہمراہ فرینچ مارشل آرٹس کے ماہر فرانسس گانو، نائیجرین مارشل آرٹس کے ماہر کمارو عثمان اور امریکی فٹبالر جیمیز ونسٹن موجود تھے۔

بابر کی تصویر میں 5طلبا سمیت ان کی خاتون ٹیچر بھی موجود تھیں۔

محمد رضوان نے ہارورڈ یونیورسٹی کے ایجوکیشن پروگرام کے دوران اپنی ٹیچر کو قرآن پاک کا انگریزی ترجمہ تحفے میں دیا۔

نمرہ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ہارورڈ کا طالبعلم ہونا آسان ہے، بابراعظم بننا مشکل ہے۔
https://twitter.com/Babarian_BA56/status/1664900115801288705

انیلہ خواجہ نے بابر اعظم اور محمد رضوان کی تصویریں شیئرکیں اور لکھا مجھے یہ دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹر محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم ہارورڈ یونیورسٹی کے پروگرام کے لیے امریکا گئے تھے۔

محمد رضوان اور بابر اعظم نے31 مئی سے 3 جون تک ہارورڈ یونیورسٹی ایجوکیشن پروگرام میں شرکت کی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp