نور محمد دمڑ کو قومی اقتصادی کونسل اجلاس میں شرکت مہنگی پڑگئی

بدھ 7 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے وزیر ترقیات و منصوبہ بندی نور محمد دمڑ کو قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کے اجلاس میں شرکت کرنا مہنگا پڑ گیا۔

وزیراعلی بلوچستان کی جانب سے اجلاس میں شرکت نہ کرنے واضح احکامات کے باوجود منگل کی صبح اسلام آباد میں منعقد ہونے والے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں صوبائی وزیر کی شرکت پر وزیر اعلی بلوچستان میرعبد القدوس بزنجو نے نور محمد دمڑ سے محکمہ کا قلم دان واپس لے لیا ہے۔

سابق صوبائی وزیر نور محمد دمڑ نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ واٹس ایپ پر موصولہ وزرات واپس لیے جانے کے نوٹیفکیشن سے معلوم ہوا کہ ان سے محکمہ ترقیات و منصوبہ بندی کا قلم دان واپس لے لیا گیا ہے۔

نور محمد دمڑ کے مطابق وہ گزشتہ کئی روز سے اسلام آباد میں مقیم ہیں، جس کی وجہ سے بہت سے معاملات سے لاعلم رہے۔

’اجلاس سے متعلق صبح وزیر اعظم ہاؤس سے فون آرہے تھے تاہم اس دوران وزیراعلی بلوچستان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن رابطہ نہ ہو پایا جس کے بعد میں نے اجلاس میں جانے کا فیصلہ کیا۔‘

نور محمد دمڑ نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان ان کی جماعت کے صدر اور صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہیں ان سے کوئی ذاتی اختلاف نہیں تاہم کوئٹہ واپسی پر وزیراعلی بلوچستان میر عبد القدوس بزنجو سے معاملے پر بات ہوگی۔

قومی اقتصادی کونسل کے بائیکاٹ کا پس منظر

وفاق کی جانب سے بلوچستان کے واجبات کی عدم ادائیگی پر گزشتہ ماہ سے وزیر اعلی بلوچستان وفاقی حکومت سے نالاں تھے اور نوبت یہاں تک جا پہنچی کہ گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں وزیراعلی بلوچستان میرعبد القدوس بزنجو نے واضح طور پر قومی اقتصادی کونسل اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

’مجھ سمیت صوبے سے قومی اقتصادی کونسل کا کوئی بھی رکن کل اسلام آباد میں منعقد ہونے والے این ای سی کے اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا۔‘

وزیر اعلی بلوچستان کے مطابق این ای سی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کے عدم تعاون کے رویہ کو دیکھتے ہوئے کیا گیا۔ ’وفاقی حکومت نے بلوچستان کے حوالے سے جو بھی یقین دہانیاں اور وعدے اب تک کیے ان پر عملدرآمد نہیں کیا گیا ہے ۔‘

وزیراعلی بلوچستان کا کہنا تھا کہ وفاق کا یہ رویہ انتہائی مایوس کن صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے، حد تو یہ ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے اعلان کردہ 10 ارب روپے بھی فراہم نہیں کیے گیے ہیں۔

’اس ضمن میں وفاقی حکومت کو بارہا یاد دہانیاں بھی کرائی گئیں اور وزیراعظم کو مراسلہ بھی ارسال کیا گیا۔‘

واضح رہے کہ وزیر اعلی بلوچستان میرعبد القدوس بزنجو کی جانب سے نور محمد دمڑ سے وزارت کا قلم دان واپس لینے سے متعلق کوئی بیان ابھی تک سامنے نہیں آیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp